بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سرحدوں کی حفاظت کیلئے جان کی بازی لگا دینگے ٗ آرمی چیف

سرحدوں کی حفاظت کیلئے جان کی بازی لگا دینگے ٗ آرمی چیف

راولپنڈی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے اقدامات جاری رکھے گی‘ پاک فوج مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں کو نہیں بھولے گی‘ بلوچ رجمنٹ کے شہداء کی قربانیاں قابل تعریف ہیں۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچ رجمنٹ سینیٹر ایبٹ آباد میں خصوصی دو روزہ بلوچ رجمنٹ کانفرنس شروع ہوگئی ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو روزہ کانفرنس میں شرکت کی۔ آرمی چیف کو کرنل انچیف بلوچ رجمنٹ کے اعزازی بیج لگائے گئے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹ کی روایات اور شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹ کی قربانیوں کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہد ا کی قربانیوں کی سراہتے ہوئے انکے خاندانوں کو یقین دلایا کہ پاک فوج مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیوں کو نہیں بھولے گی۔

پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے اقدامات جاری رکھے گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادر وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بلوچ رجمنٹ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یادگارشہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔کمانڈر 10کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا اور بلوچ رجمنٹ کے بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ جنرل آفیسر،سابق آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ،بریگیڈئر جنرل اشفاق پرویز کیانی اور سابق چیئرمین جے سی ایس کمیٹی جنرل طارق ماجد اور جنرل راشد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے ۔