بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وفاقی کابینہ کی تشکیل پر معاملات طے نہ ہوسکے

وفاقی کابینہ کی تشکیل پر معاملات طے نہ ہوسکے


اسلام آباد۔وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری کابینہ کی تشکیل پر معاملات طے نہ پائے جانے کے باعث ملتوی ہوگئی،ایوان صدر کو اس حوالے سے آگاہ کردیاگیا جبکہ نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد تقریب حلف برداری کل جمعرات ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے بلایا گیا سینئر قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس بدھ کو مری میں منعقد ہوا،جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور نواز کابینہ میں شامل سابق وفاقی وزراء سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں طویل گفت وشنید اور غوروخوض کے باوجود کے باوجود اہم وزارتوں پر معاملات طے نہ پائے جاسکے جس کے باعث نئی کابینہ تشکیل نہ پاسکی جبکہ بعض ممکنہ وزراء بھی تقریب حلف برداری سے لاعلم نظر آئے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ،خارجہ،خزانہ اور تجارت سمیت اہم وزارتوں میں نواز کابینہ کے بعض سابق سینئر وزراء دلچسپی لے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان وزارتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا اور اس ضمن میں (ن) لیگی سینئر قیادت کے اجلاس میں آج بھی مشاورت کی جائے گی،جس کے بعد ان وزارتوں کو باقاعدہ معتبر رہنماؤں کو سونپ دیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ (ن) لیگی اجلاس میں وزارتوں کے معاملے پر مشاورت کے بعد نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل آج ہی ہو جائے گی جس کے بعد ایوان صدر میں آج ہی نئی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ہونے کا امکان ہے۔