بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں آئی ٹی لیبز کا قیام حکمت عملی کاحصہ

خیبر پختونخوا میں آئی ٹی لیبز کا قیام حکمت عملی کاحصہ

پشاور ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کے لیے دوررس اقدامات کررہی ہے اور صوبے کے گرلز سکولوں میں آئی ٹی لیبز کا قیام حکومت کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت خواتین کی تعلیم اور ترقی کو اولیت دی جارہی ہے ۔وہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رستم خیل مردان میں آئی ٹی لیب کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھی جہاں وہ مہمان خصوصی تھیں ۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محترمہ ثمینہ غنی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ضلع کونسل کی خاتون ارکان سعدیہ مایار اور پروین بی بی ،تدریسی عملے اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم غریب والدین کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری پہلی ترجیح ہے اور صوبے بھر میں پندرہ سو سے زیادہ سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیبز کا قیام ہمارے اس عزم کا ثبوت ہے ۔

اسی طرح سکولوں میں بچوں اور بچیوں کو ضروری سہولیات اور فرنیچر کی فراہمی پر بھی اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں انٹرایکٹیو بورڈ بھی نصب کیے گئے ہیں یہ ایسی سہولت ہے جو کہ بڑے بڑے ایلیٹ سکولوں کے بچوں کو بھی میسر نہیں اور اس طرح کی سہولیات سے سرکاری سکولوں کا معیار بہتر ہوگا اور اس میں زیر تعلیم بچیاں نجی سکولوں کی طالبات سے مسابقت کر سکیں گی ۔قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ای او ثمینہ غنی نے بتایا کہ ضلع مردان میں تین مرحلوں میں 55 آئی ٹی لیبز قائم کی جاچکی ہیں جن میں سے ہر ایک لیبارٹری سے بیک وقت 32 طالبات مستفید ہوسکتی ہیں ۔

ان میں بعض لیبز میں انٹرایکٹیو وہائٹ بورڈ بھی نصب کیے گئے ہیں اور ہر لیب میں آئی ٹیچرز اور لیب اسسٹنٹس کی تقرریاں بھی کی گئی ہے ۔ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے محکمہ تعلیم مردان ، ڈی ای او ثمینہ غنی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کوسراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں مردان میں محکمے کی کارکردگی کافی بہتر ہوگئی ہے اور اُمیدظاہر کی کہ وہ اسی لگن اور جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیں گی اور حکومت کی پالیسی کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہیں گی ۔قبل ازیں اُنہوں نے آئی ٹی لیب کا باضابطہ افتتاح کیا ۔