بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پشاور کی ترقی کے لئے 9منصوبوں پر کام جاری

پشاور کی ترقی کے لئے 9منصوبوں پر کام جاری

پشاور ۔ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پشاور اپ لفٹ اور بیوٹیفیکیشن کے 14 منصوبوں کو مکمل کیا ہے جبکہ مزید9 ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن سے صوبائی دارلحکومت پشاور کی مجموعی ترقی اورخوبصورتی میں اضافے کے ساتھ عوام کو بھی آمد و رفت کی بہتر سہولیات اور ماحول میسر �آ سکیں گے۔وہ بدھ کے روزپشاور کی خوبصورتی کے متعدد منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک بریفنگ کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں سیکرٹری بلدیات سید جما لدین شاہ، ڈائریکٹر روڈ ٹو اکرام اللہ، پلاننگ آفیسر طاہرہ یاسمین کے علاوہ ایریگیشن اور پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ مکمل منصوبوں میں خیبر روڈ ائیر پورٹ کے بیرونی گیٹ تا مال روڈ ، مال روڈ تا ریلوے پھاٹک ، شیر شاہ سوری روڈ تا ڈین ٹریڈ سنٹر چوک، فقیر ایپی روڈ، سیر سید روڈ تا خیبر روڈ کی دوبارہ ری کار پیٹنگ اور ابدالی روڈ کی دوبارہ بحالی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں خیبر روڈ کی سنٹر میڈیا کی تعمیر و مرمت ، پشاور کینٹ سڑکوں کی لائیننگ ، میونسپل کی حدود میں پارکوں کی تعمیر و مرمت و بحالی، موٹروے انٹری پوائنٹ تا ملک سعد شہید فلائی اوور کی خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں۔

صوبائی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تحت ورسک گریوٹی کینال روڈ کی بحالی و تو سیع ، کابل ریور اور جوئے شیخ کینال روڈ کی اپ گرڈ یشن و توسیع اور پشاور شہر کے سڑکوں اور شہر کی مجموعی صفائی ستھرائی کے منصوبوں میں بہتری آئی ہے جبکہ کئی ترقیاتی سکیموں کے پی سی ون بھی تیار کئے جا چکے ہیں جن پر تیزی سے عمل در آمد شروع کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے موٹروے انٹری پوائنٹ ، پارکوں اور کینال سڑکوں سے متصل خالی پلاٹس پر زیادہ سے زیادہ خوبصورت پودے لگانے اور فاضل مواد کو بر وقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کیلئے جدید ذرائع کے استعما ل کی متعلقہ حکام کو ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے ساتھ پشاور کی خوبصورتی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اپنی ذمہ دارویوں میں کسی قسم کی غفلت نہ کریں۔