بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف کا پارٹی صدارت کا عہدہ بھی خطرے میں

نواز شریف کا پارٹی صدارت کا عہدہ بھی خطرے میں

لاہور۔ تحریک انصاف نے نواز شریف کو (ن) لیگ کی صدارت سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کر نیکا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد بھی تحریک انصاف نے نواز شریف کیخلاف گھیرا تنگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرپٹ حکومت کیخلاف منظم تحریک چلانے سے قبل نواز شریف کو ن لیگ کی صدارت سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائیگا، اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرینگے، جس کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کر لئے گئے ہیں آئندہ دو سے تین روز میں چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری کے بعد درخواست کو الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا جائیگا۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ کے پانچ ججوں نے صادق اور امین نہ ہونے پر تا حیات نا اہل قرار دیا ہے، اب وہ کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتے، انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف کسی پارٹی کے کارکن نہیں ہو سکتے تو صدارت کیسے کر سکتے ہیں؟ میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نئے وزیراعظم اور کابینہ کی نامزدگی بھی غیر آئینی و قانونی ہے، انہوں نے سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے اور شاہد خاقان عباسی کی بطور وزیراعظم نامزدگی کو کالعدم قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔