بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نئی کابینہ میں اتحادی جماعتیں فائدے میں

نئی کابینہ میں اتحادی جماعتیں فائدے میں

اسلام آباد۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نئی کابینہ میں اتحادی جماعتیں اور فاٹا ارکان فائدے میں رہ گئے‘ نئی کابینہ میں جے یو آئی (ف) کو ایک اضافی وزارت مل گئی جبکہ فاٹا سے بھی دو وزراء شامل کئے گئے ہیں‘ پوسٹل سروسز کی وزارت دوبارہ تخلیق کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نئی کابینہ میں اتحادی جماعتیں اور فاٹا ارکان فائدے میں رہ گئے‘ نئی کابینہ میں جے یو آئی (ف) کو ایک اضافی وزارت مل گئی۔

وفاقی کابینہ میں وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم درانی کے علاوہ جے یو آئی (ف) کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے مولانا امیر زمان کو بھی شامل کرلیا گیا ہے ان کو پوسٹل سروسز کی وزارت دی گئی ہے۔ اس سے پہلے یہ وزارت کمیونیکیشن کے ساتھ تھی تاہم اب اسے علیحدہ وزارت بنا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب تین سال بعد کابینہ میں فاٹا کو نمائندگی دی گئی ہے اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے غالب خان کو وزیر مملکت بنا دیا گیا ہے۔

بی این پی کی وزارت برقرار رکھی گئی ہے۔ اس مرتبہ اقلیتی ممبران کی تعداد میں بھی ایک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی کابینہ میں اب دو اقلیتی ممبر شامل ہوگئے ہیں جن میں سے وفاقی وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل کے علاوہ ڈاکٹر درشن لال کو بھی وزیر بنا دیا گیا ہے۔ ان کو وزیر مملکت قومی صحت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔