بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جماعت اسلامی کے ایم ڈی بینک آف خیبر پر تحفظات

جماعت اسلامی کے ایم ڈی بینک آف خیبر پر تحفظات

پشاور۔خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی واحد اتحادی’’ جماعت اسلامی‘‘ نے ایم ڈی بینک آف خیبر کو ہٹانے کیلئے سخت مؤقف اختیار کرلیا ہے ٗ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کرکے ایم ڈی بینک آف خیبر پر اپنے شدید تحفظات ظاہر کر دیئے ہیں۔

جس کے بعد عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ایم ڈی کو ہٹانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی ہے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور صوبائی وزیراطلاعات شاہ فرمان بھی موجود تھے ۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے عمران خان سے بینک آف خیبر کے ایم ڈی کو ہٹانے کیلئے سخت مؤقف اختیار کیا جس پر عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو میرٹ پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ایم ڈی بینک آف خیبر کو ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ہٹانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی ہے جماعت اسلامی کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ایم ڈی کو استعفے پر مجبور کرنے کی بجائے انہیں ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ہی عہدے سے ہٹایا جائے ۔