بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / جنوبی کوریا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش

جنوبی کوریا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش

اسلام آباد ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساز گار مواقع سے فائدہ اٹھائیں‘ پاکستان تین دہائیوں پر مشتمل جنوبی کوریا سے سفارتی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے‘ مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات ہیں‘ باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کے لئے متحرک اقدامات کی ضرورت ہے‘ کورین کمپنیاں پاکستان میں قائم خصوصی اقتصادی زونز میں کارخانے لگا سکتی ہیں۔ منگل کو جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی کے سپیکر چونگ سی کیون سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تین دہائیوں پر مشتمل جنوبی کوریا سے سفارتی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات میں وسعت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کے حجم ممیں اضافے کے لئے متحرک اقدامات کی ضرورت ہے۔ جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ساز گار مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ کورین کمپنیاں توانائی‘ کان کنی‘ زراعت‘ صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورین کمپنیاں پاکستان میں قائم خصوصی اقتصادی زونز میں کارخانے لگا سکتی ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چونگ سی کیون نے کہا کہ توقع ہے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔