بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا نمبرز گیم ٗ گورنر ہاؤس کی اہمیت میں اضافہ

خیبر پختونخوا نمبرز گیم ٗ گورنر ہاؤس کی اہمیت میں اضافہ

پشاور۔خیبر پختونخوا میں نمبرزگیم میں شدت آنے کے بعدگورنر ہاؤس کی اہمیت میں اضافہ ہوگیاہے پی ٹی آئی کے ناراض ا راکین اور اپوزیشن جماعتوں نے گورنر سے کردار ادا کرنے کامطالبہ کرنے کی تیاریاں کرلی ہیں اس ضمن میں جلد ہی گورنر سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی کہ وہ وزیر اعلیٰ کواعتماد کاووٹ لینے کی ہدایت کریں ذرائع کے مطابق دستور پاکستان کی دفعہ 130کی ذیلی دفعہ 7کے تحت گورنر کو اس امر کااختیارحاصل ہے کہ اگر انہیں اس امرکااطمینان نہ رہے کہ وزیر اعلیٰ کو ایوان میں اکثریت حاصل ہے تو وہ صوبائی اسمبلی کااجلاس طلب کرکے وزیر اعلیٰ کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کاحکم دے سکتاہے ذرائع کے مطابق ناراض اراکین اور اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے بجائے گورنر کے ذریعے ان کو اعتماد کاووٹ لینے کاپابندبنانے کافیصلہ کیاہے ۔

ا س ضمن میں پارٹی کے ناراض اراکین جلد ہی گورنر کے ساتھ رابطہ کرنیوالے ہیں ذرائع کے مطابق موجودہ حالات میں گورنر ہاؤ س کی سیاسی اہمیت بڑھتی جارہی ہے اور اگر گورنر نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کاحکم دیا تو صوبائی حکومت ا س کی پابند ہوگی ذرائع کے مطابق پارٹی کے ناراض اراکین اس صورت میں اعتماد کا ووٹ لینے کے موقع پر اجلاس سے غیر حاضررہیں گے جس سے حکومت کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوسکتاہے ۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے واضح کیاہے کہ صوبائی اسمبلی میں اراکین کی اکثریت کااعتماد حاصل ہے اپوزیشن جماعتیں صوبہ میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے میں بری طر ح سے ناکام رہیں گی۔

اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے ترجمان شاہ فرمان نے روزنامہ آج کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری حکومت اپنی آئینی مدت پور ی کرے گی اور کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہوگی انہوں نے کہاکہ صوبہ میں کوئی بحران نہیں اور کاروبار حکومت معمول کے مطابق چل رہاہے اپوزیشن جماعتوں کی غیر جمہور ی خواہشات کبھی پوری نہیں ہونگی اور ہماری حکومت ترقیاتی ایجنڈا پورا کرکے اگلے الیکشن میں اس سے بھاری مینڈیٹ کے ساتھ دوبارہ آئے گی انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف جنگ حتمی کامیابی تک جاری رہے گی