بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / شہباز شریف کو ن لیگ کا صدر بنائے جانے کا امکان

شہباز شریف کو ن لیگ کا صدر بنائے جانے کا امکان


اسلام آباد۔سپریم کورٹ سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن کی طرف سے مسلم لیگ نواز کو اپنا نیا صدر منتخب کرنے کے نوٹس پر پارٹی کے چیرمین راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کو پارٹی کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ ہو گیا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔منگل کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ سنہ 2002 کے تحت کوئی بھی نااہل شخص پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا ایک غیرملکی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ میاں شہباز شریف کو صدر بنانے کے فیصلے کا اعلان ایک دو دن میں کر دیا جائے گا۔

اس بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پارٹی کے اندر اب تک جو بھی مشاورت ہوئی ہے اس میں اکثریتی ارکان کی یہی رائے ہے کہ میاں نواز شریف کی سیاست سے نااہلی کے بعد پارٹی کی باگ ڈور میاں شبہاز شریف کو سونپ دینی چاہیے۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ سابق فوجی صدر مشرف کے دور میں بھی جب میاں نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں سزا سنائی گئی تھی اور انھیں سیاست سے نااہل قرار دیا گیا تھا تو پارٹی نے شہباز شریف ہی کو پارٹی کا صدر بنایا تھا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں جب راجہ ظفر الحق سے پوچھا گیا کہ پارٹی اب کسی کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے یا اس کی لڑائی کس سے ہے تو انھوں نے کہا کہ یہ لڑائی عوام کے ووٹروں کی بے قدری کے خلاف ہے۔انھوں نے کہا کہ الیکشن اگلے برس جون میں ہونے والے ہیں اور کئی سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی تیاریاں شروع کر دی ہیں اس لیے مسلم لیگ ن نے بھی تیاریاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومتی اور انتظامی معاملات کی وجہ سے اب تک جماعت کے تنظیمی معاملات نظر انداز ہوتے رہے ہیں لیکن اب جماعت کے معاملات کو سنجیدگی سے طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔