بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وزیر اعلیٰ کا ترقیاتی سکیموں کی سست روی کا نوٹس

وزیر اعلیٰ کا ترقیاتی سکیموں کی سست روی کا نوٹس


پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نیشنل لاجسٹک سیل) NLC ) اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے ذریعے پشاور ، مردان اور نوشہرہ میں جاری ترقیاتی سکیموں کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سکیمیں جلد مکمل کی جائیں۔ سکیموں پر عمل درآمد میں تعطل اور سست روی کی وجہ سے ایک طرف شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو دوسری طرف وسائل بھی ضائع ہوتے ہیں جس کی صوبائی حکومت متحمل نہیں ہو سکتی۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

ممبر صوبائی اسمبلی زاہد درانی ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ تنظیموں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے فرنٹئیر ورکس آرگنائیزیشن اور این ایل سی کے ذریعے جاری سکیموں پر کا م کی پیش رفت طلب کی اور کہا کہ جب حکومت کی طرف سے کوئی رکاوٹ موجود نہیں اور ہر قسم کی معاونت اور سہولت فراہم کر دی جاتی ہے تو سکیموں میں تاخیر سمجھ سے بالا تر ہے۔ متعلقہ حکام سنجیدگی دکھائیں اور سکیمیں تیز رفتاری سے مکمل کریں وزیراعلیٰ نے بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبے کے تناظر میں ایف ڈبلیو او سے یونیورسٹی روڈ پر کام مکمل کرنے کی حتمی تاریخ طلب کی اور تاکید کی کہ صوبائی حکومت بی آر ٹی منصوبے پر کام شروع کررہی ہے اسلئے یونیورسٹی روڈ پر یوٹیلیٹیز ہٹانے اور سروس روڈ کی تعمیر سمیت تمام کام جلد مکمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے نوشہرہ ہسپتال کے کام کی دو دن کے اندر پراگرس رپورٹ بھی طلب کی ۔

وزیراعلیٰ نے نوشہرہ کالج اور پل کی تعمیر کا کام جنوری2018 تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف ڈبلیو اوکی تعمیراتی سکیموں کا مکمل شیڈول طلب کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے این ایل سی کو رنگ روڈ پر سروس روڈز کی تعمیر اور پشاور کی سڑکوں کی بحالی و مرمت پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے رنگ روڈ کے شمالی طرف سروس روڈ کی تعمیر میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سروس روڈ کے نیچے سیوریج لائن سمیت تمام کام مکمل کریں اور کہا کہ سڑکوں پر کھدائی کر کے کام کو ادھورا چھوڑدینا زیادہ خطرناک ہے اس سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے وزیراعلیٰ نے رنگ روڈ کے جنوبی طرف سروس روڈ کی تعمیر کے توسیعی پلان کا variation order بلا تاخیر جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس پر بھی کام شروع کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے حیات آباد روڈز، یونیورسٹی ٹاؤن روڈز کی تعمیر و مرمت اور خوبصورتی کے منصوبوں پر بھی پیش رفت طلب کی اور کام کی رفتا ر تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جو پودے خشک ہو گئے ہیں وہ تبدیل کر کے دوبارہ لگائیں اور شجر کاری کیلئے چھوٹے پودوں کو ترجیح دیں۔وزیراعلیٰ نے پبی میں مین کیریج وے اور سروس روڈز کی ڈیزائن کے مطابق تعمیر 15 ستمبر تک اور شیخ ملتون ٹاؤن مردان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبے کی تکمیل جنوری 2018 تک یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے تمام سکیموں پر واضح پراگرس دکھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عندیہ دیا کہ وہ عیدالاضحی کے بعد متعلقہ سائیٹس کا دورہ کر کے کام کے معیار اور پیش رفت کا جائزہ لینگے۔