بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف کی سیاسی سرگرمیوں کیخلاف درخواست دائر

نواز شریف کی سیاسی سرگرمیوں کیخلاف درخواست دائر

اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور حلقہ این اے 120 سے نامزد امیدوار یاسمین راشد نے سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیاسی اور حکومتی سرگرمیوں کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے سیکشن 5 کے تحت دائر کی گئی اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف کو مسلم لیگ(ن) یا کسی بھی سیاسی جماعت میں عہدے کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان کے نام پر موجود جماعت کالعدم قرار دی جائے۔اپنی درخواست میں یاسمین راشد نے یہ استدعا بھی کہ نواز شریف کی جانب سے وزارت عظمی اور وفاقی کابینہ کے لیے کی جانے والی نامزدگیوں کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے ‘مسلم لیگ نواز’ کے نام کے استعمال کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا جائے۔یاسمین راشد قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 سے پی ٹی آئی امیدوار ہیں، یہ وہی نشست ہے جو سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی۔الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی درخواست کو چیئرمین تحریک انصاف کی خصوصی ہدایت پر ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے تیار کیا۔

درخواست دائر کیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ایک نااہل وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت مسلم لیگ نواز، نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور ایک نااہل شخص کے نام پر کوئی جماعت رجسٹرڈ نہیں ہو سکتی۔واضح رہے کہ بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف نااہل ہونے کے باعث پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتے اور نہ ہی کابینہ کی نامزدگیوں کا اعلان کرسکتے ہیں۔