بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / چین نے امریکہ کو دنیا کا بدترین ملک قرار دیدیا

چین نے امریکہ کو دنیا کا بدترین ملک قرار دیدیا

بیجنگ۔چین نے امریکہ کو انسانی حقوق کی پامالی کے لحاظ سے دنیا کا بد ترین ملک قرار دیا ہے۔چین کی اسٹیٹ کونسل کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے اور انسانی حقوق کے لحاظ سے یہ دنیا کا بدترین ملک ہے۔اسٹیٹ کونسل کی یہ رپورٹ چین میں انسانی حقوق سے متعلق امریکی وزارت خارجہ کی جاری کردہ رپورٹ کے ردعمل میں جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کا راگ الاپنے والا ملک امریکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا گڑھ بن چکا ہے۔

چین کی اسٹیٹ کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ، امریکی عوام کو خاک خون میں نہلانے والی گولیوں کی آوازیں، مجسمہ آزادی کے پچھلی جانب سے سنائی دے رہیں اور امریکہ بھر میں نسلی تعصبات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، قیدیوں کے لحاظ سے امریکہ دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں ہر ایک لاکھ افراد میں سے چھے سو ترانوے افراد جیل میں بند ہیں۔

چین کی اسٹیٹ کونسل رپورٹ میں بیان کیے جانے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ میں سن دوہزار چودہ کے دوران بائیس لاکھ افراد جیلوں میں بند تھے اور سات کروڑ افراد یعنی بڑی عمر کے ہر تین میں سے ایک امریکی اب تک جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔چین کی جاری کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ میں، ڈھائی کروڑ افراد انتہائی ابتر معاشی صورتحال سے دوچار ہیں اور ہر سات میں سے ایک شخص یعنی کوئی ساڑھے چار کروڑ افراد، غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔