بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغانستان میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے کہرام

افغانستان میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے کہرام

کابل۔افغانستان میں ایک گھر پر مارٹر گولے گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت 13شہری جاں بحق اور 3دیگر زخمی ہوگئے جبکہ امریکی فوج نے ننگرہار میں گزشتہ روز فضائی کاروائی میں شہری ہلاکتوں کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع ہیسکا مینا میں کی گئی کاروائی میں بڑی تعداد میں عسکریت پسند مارے گئے اور انکی گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں۔

ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ فریاب میں لڑائی کے دوران ایک گھر پر مارٹر گولے گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت 13شہری جاں بحق ہوگئے ۔صوبائی پولیس چیف جنرل دلاور شاہ دلاور نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کی شام ایک پر گرنے والے 2مارٹر گولوں کے نتیجے میں 3شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ضلع دولت آباد میں طالبان یا افغان سیکورٹی فورسز میں سے کس نے اس گھر کو نشانہ بنایا ہے ۔

انکا مزید کہنا تھاکہ ایک وفد علاقے میں روانہ کردیا گیا ہے تاکہ حملے کی تحقیقات کی جاسکے ۔دوسری جانب تاحال طالبان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔فریاب صوبہ میں حالیہ مہینوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں طرف شہریوں کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔افغانستان میں امریکی فوج نے مشرقی صوبہ ننگرہار میں فضائی کاروائی میں شہری ہلاکتوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع ہیسکا مینا میں کی گئی کاروائی میں بڑی تعداد میں عسکریت پسند مارے گئے اور انکی گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں۔

افغانستان میں امریکی فورسز کے ترجمان باب پورٹیمن کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند گاڑی میں اسلحہ لوڈ کررہے تھے اور فضائی کاروائی میں تباہ کردیئے جانے تک نگرانی میں تھے ۔حملے میں شہری ہلاکتوں کا امکان زیر و فیصد ہے ۔