بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ کا لیاقت باغ میں آزادی جلسہ

پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ کا لیاقت باغ میں آزادی جلسہ

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جشن آزادی کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے ہونے والے ‘آزادی جلسہ’ میں شیخ رشید اور سربراہ عمران خان پہنچ گئے۔

راولپنڈی میں بارش کے باعث آزادی جلسہ زور و شور سے جاری ہے اور عوام کی ایک بڑی تعداد لیاقت باغ میں موجود ہے جہاں عمران خان بھی خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ جلسے کی پیش نظر پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے حوالے سے سوالوں کے جوابات پر مشتمل پملفٹس گرائےگئے تھے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے جلسے سےخظاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘لیاقت باغ وہ جگہ جہاں پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کو شہید کیا گیا اور یہی پر سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا اور یہ تاریخی جگہ ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ کہتے ہیں جب لیاقت باغ بولتا ہے تو پورا ملک بولتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے کیوں نکالاگیا، مجھے کیوں نکالا گیا میں بتاؤں کیوں نکالا گیا کیونکہ آپ نے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ مینڈیٹ کا احترام اس وقت ہوگا جب شفاف الیکشن ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف صاحب بتائیں آپ نے جونیجو کے بجائے جنرل ضیا کا ساتھ دیا اور بے نظیر بھٹو کو جب فاروق لغاری نے ہٹایا تو آپ نے کہا اس کو ہٹائیں۔

انھوں نے حاضرین سے کہا کہ کیا آپ عمران خان کا پیغام پورے پاکستان میں عام کردو گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کہا جارہا ہے کہ قوم کو عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے تو ہم کہتے ہیں ہاں ہمیں عمرانی معاہدہ چاہیے تم عمران کو لے کر آؤ ہم تیار ہیں’۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘جب قائد اعظم پاکستان کو بنانے کی بات کررہے تھے تو کانگریسی کہہ رہے تھے کہ یہ دیوانے محمد علی کا خواب ہے اور اسی دیوانے نے آپ کو پاکستان دیا کہ نہیں دیا، آج کہتے ہیں عمران خان کو سیاست کا کیا پتا نہیں یہ سیاست سے لاعلم ہے یہ دیوانہ ہے کرپشن سےفری پاکستان کی بات کرتا ہے اور وہ کہتا ہے اس کرپٹ نظام میں آپ کو شفاف پاکستان دوں گا اور تم اس دیوانے کے نئے پاکستان کے خواب کو پورا کروگے’۔

انھوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنائیں گے۔