بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکا، 6 سیکیورٹی اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکا، 6 سیکیورٹی اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دھماکے کے نتیجے میں پیرا ملٹری فورس کے 6 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

 شرپسندوں نے ہرنائی کے علاقے خوست میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا، جس میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

دھماکے سے ایف سی کی گاڑی کو بھی بُری طرح نقصان پہنچا۔دھماکے کے وقت ایف سی اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔

دھماکے کے فوری بعد ایف سی اور لیویز اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث عناصر کو ہم نہیں چھوڑیں گے۔‘

سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا واقعہ اس دن پیش آیا جب پورا ملک اپنا 70واں جشن آزادی منا رہا ہے اور ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے جارہے ہیں اور ہر گلی، محلہ برقی قمقموں سے جگمگا رہا ہے۔