بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف کا بڑے پیمانے پر رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ

نواز شریف کا بڑے پیمانے پر رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پنجاب کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں تک رسائی کے لیے بڑی رابطہ مہم چلانے کی منصوبہ بندی کرلی۔اس ضمن میں وہ پہلے خیبرپختونخوا کا انتخاب کرسکتے ہیں جیسا کہ اس صوبے میں ان کے حریف عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی اتحادی حکومت قائم ہے۔سابق وزیراعظم کے قریبی ساتھی نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا کہ اس ضمن میں نواز شریف جلد ضلع مانسہرہ کا دورہ کریں گے تاکہ یہاں موجود مسلم لیگ(ن)کے سپورٹرز کو متحرک اور مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرسکیں۔

اس حوالے سے مسلم لیگ(ن)مانسہرہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں جلسے بھی منعقد کرے گی۔نواز شریف کے ساتھی کا کہنا تھا کہ مانسہرہ کا دورہ ممکنہ طور پر عیدالاضحی سے قبل ہوسکتا ہے تاکہ جی ٹی روڈ ریلی کے تسلسل کو جاری رکھا جاسکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عید کے بعد سابق وزیراعظم بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے دیگر علاقوں کے دوروں کا منصوبہ بھی بنارہے ہیں۔