بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات مفت فراہم کرنیکی ہدایت

طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات مفت فراہم کرنیکی ہدایت

پشاور ۔ خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ صاف وشفاف امتحانات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں کیونکہ طلبہ کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنا بھی بورڈز کے مینڈیٹ میں شامل ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ طلبہ کوکھیلوں کی سہولیات بالکل فری فراہم کی جائیں جبکہ سیکنڈ شفٹ میں بھی پبلک کو یہی سہولیات مناسب فیس پر مہیا کی جائیں ۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز پشاور میں تعلیمی بورڈز کی جانب سے طلبہ کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹرشہزاد بنگش، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم ، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ، تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کوبتایا گیا کہ پشاوربورڈ میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر تقریباً 40 کروڑ روپے ،ایبٹ بورڈ میں 25 کروڑ روپے ،مردان بورڈمیں تقریباً29 کروڑ روپے ،کوہاٹ بورڈ میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے اورسوات بورڈ میں تقریباً71 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے جبکہ ملاکنڈ ،ڈی آئی خان اور ایبٹ آباد بورڈز میں کھیلوں کی سہولیات کے لئے اراضی کی نشاندہی کر دی گئی ہے اور بہت جلد ان پر عملی کام شروع کر دیا جائیگا۔

اسی طرح بنوں اورسوات بورڈ ز میں کھیلوں سہولیات کی فراہمی کا کام تقریباًمکمل ہے اورافتتاح کے لئے تیار ہے جبکہ مردان بورڈ میں مذکورہ سہولیات کی فراہمی کا کام اکتوبر میں افتتاح کے لئے تیار ہو جائے گا۔ وزیر تعلیم نے بورڈز کے چیئرمینوں سے کہا کہ وہ حکومت کی توقعات کے مطابق اپنی بہترصلاحیتوں سے اپنے متعلقہ بورڈ ز میں اصلاحات کراکر صاف وشفاف امتحانات کاانعقاد یقینی بنائیں اورحسب ہدایت کھیلوں کی سہولیات بھی بلاتاخیرفراہم کی جائیں ۔انہوں نے تمام بورڈز کے حکام سے کہا کہ وہ بورڈز کے تمام معاملات میں شفافیت لانے کے لئے آئی ٹی کامکمل استعمال کریں اور اس سلسلے میں آئی ٹی بورڈ سے استفادہ حاصل کرکے اپنے بورڈز کوبین الاقوامی معیار کے مطابق بنائیں ۔