بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نیب تفتیش: نواز شریف، ان کے بیٹے پیش نہ ہوئے

نیب تفتیش: نواز شریف، ان کے بیٹے پیش نہ ہوئے


پاناما پیپرز کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سبکدوش ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بیٹے حسن اور حسین نواز قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے تفتیش کے لیے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہ ہوئے۔

نیب حکام کی طرف سے نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کو لاہور آفس طلب کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تاہم شریف خاندان کا ایک بھی فرد یا ان کا وکیل تفتیش کے لیے نیب حکام کے سامنے پیش نہ ہوا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت نیب راولپنڈی کی پانچ رکنی ٹیم کئی گھنٹے انتظار کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی کی ٹیم کی جانب سے دوبارہ نوٹس بھجوانے کا فیصلہ چیئرمین نیب کی مشاورت سے کیا جائے گا، جبکہ نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کی آئندہ لاہور یا اسلام آباد طلبی کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔