بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / پاکستان مشکل حالات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے،برطانوی آرمی چیف

پاکستان مشکل حالات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے،برطانوی آرمی چیف


لندن۔برطانوی آرمی چیف سرنکولوس کارٹر نے کہا ہے کہ وہ پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان مشکل حالات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔جنرل راحیل شریف مشکل وقت میں جو کچھ کررہے ہیں وہ متاثر کن ہیں۔پاکستان اور بھارت کی قیادت انتہائی قابل ہے اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان موجود مسائل کو حل کرے گی۔نجی ٹی وی سے انٹرویو میں برطانوی فوج کے کمانڈر سرنکولوس کارٹر کا کہنا تھا کہ میں جنرل راحیل شریف کی بے پناہ عزت کرتا ہوں۔

انہوں نے برطانیہ کے وار کالج ڈیفنس سٹڈیز میں گریجویشن کی ہے ہم ایک دوسرے کو جانتے ہیں وہ بہت سنجیدہ آدمی ہیں وہ میرے دوست ہیں وہ مشکل حالات میں جو کچھ کررہے ہیں وہ متاثر کن ہے ان کی قیادت کی ہر جگہ عزت کی جاتی ہے ہماری دوستی جاری رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔دونوں ملکوں کی قیادت انتہائی قابل ہے اور وہ درپیش مسائل کو حل کر لیں گے ۔جنرل سرنکولوس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کررہے ہیں ہم ایک دوسرے کی صورتحال سے واقف ہیں۔

ہم ایک دوسرے سے مشاورت کرتے رہتے ہیں اور ہم مل کر دہشت گردی کو شکست دے سکتے ہیں۔ جنرل نکولوس کارٹر کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کی افواج اور جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کیں وہ لوگ قابل تعریف ہیں جو دہشت گردی کے خلاف مشکل جنگ لڑرہے ہیں ہمیں ان کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں اور نہ ہی کوئی سوال اٹھا سکتا ہے۔