بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / حکومت کا فاٹا اصلاحات پر پیشرفت کا فیصلہ

حکومت کا فاٹا اصلاحات پر پیشرفت کا فیصلہ


اسلام آباد۔حکومت نے فاٹا اصلاحات پر پیش رفت کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے جلد قانون سازی کا امکان ہے،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریاستیں و سرحدی امور سے بھی رواج بل پر جلد رپورٹ کی تیاری کیلئے رابطہ کرلیا گیا۔ کمیٹی کا اجلاس 25اگست بروز جمعہ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میں فاٹا کے ایف سی آر کے منسوخی قبائلی عوام کو سپریم کورٹ میں اپیل کا حق دینے سمیت دیگر اصلاحات پر مشتمل مجوزہ رواج ایکٹ کا جائزہ لیا جائے گا، کمیٹی آئین و قانون میں ترامیم کیلئے بھی سفارشات مرتب کرے گی تا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کو ممکن بنایا جا سکے۔

کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، وزیر قانون و انصاف زاہد حامد کمیٹی اراکین کو فاٹا اصلاحات کے معاملے پر قبائلی اراکین پارلیمنٹ کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ہونے والے اتفاق رائے سے بھی آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق حکومت اور فاٹا اراکین کی طرف سے قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا ہے، اس ضمن میں طرفین ایک دوسرے سے تعاون کے پابند ہوں گے۔ قائمہ کمیٹی سیفران کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔