بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / چوہدری نثار کا کل شام پریس کانفرنس کا اعلان

چوہدری نثار کا کل شام پریس کانفرنس کا اعلان


اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کل شام پانچ بجے پریس کانفرنس کا اعلان کردیا۔

چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیرداخلہ اتوار (20 اگست) کو شام پانچ بجے پریس کانفرنس کریں گے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سابق وزیرداخلہ پریس کانفرنس میں کس حوالے سے بات کریں گے۔

چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو قومی اداروں کے خلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ ‘پاکستان اداروں کے درمیان تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا’۔

رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پارٹی کے تمام رہنماؤں اور عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ ایسی بیان بازی سے باز رہیں جس سے قومی اداروں کے احترام پر بالواسطہ یا بلا واسطہ آنچ آنے کا اندیشہ ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں مسلم لیگ (ن) کے تمام بہی خواہوں سے بھی یہ کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ وہ کسی بھی ایسی خیال آرائی سے گریز کریں جو قومی اداروں کے وقار اور احترام کے منافی ہو’۔