بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / گلیات کی ترقی میں حائل رکاوٹیں جلد دور کرنیکی ہدایت

گلیات کی ترقی میں حائل رکاوٹیں جلد دور کرنیکی ہدایت

پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے رولز آف بزنس کوجلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیات کی تیز رفتار ترقی کیلئے رولز ضروری ہیں۔ رولز کی عدم موجودگی ترقیاتی کام میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے جی ڈی اے ٹاؤن کی ترقی اور اس تک رسائی کیلئے سڑک کو بطور ایک پراجیکٹ مشتہر کرنے کی بھی ہدایت کی تا کہ اس پر کام شروع کیا جا سکے۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ممبر صوبائی اسمبلی سردار ادریس، سیکرٹری بلدیات، سٹریٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو اتھارٹی کے رولز آف بزنس، جی ڈی اے ٹاؤن اور جی ڈی اے ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایکٹ میں دو ترامیم تجویز کی گئی ہیں جبکہ اسکے رولز آف بزنس کا نظر ثانی شدہ مسودہ بھی تیار ہے۔

بلڈنگ کنٹرول اور ٹریبونل رولز سمیت چار قسم کے رولز بنائے گئے ہیں وزیراعلیٰ نے رولز کا نظر ثانی شدہ مسودہ حتمی ویٹنگ کیلئے محکمہ قانون کے حوالے کرنے جبکہ ایکٹ میں مجوزہ ترمیم کی سمری جلد پہنچانے کی ہدایت کی۔جی ڈے اے ٹاؤن کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹاؤن کیلئے رقبے کی نشاندہی کی جا چکی ہے جبکہ ٹاؤن تک آسان رسائی کیلئے سڑک کی تعمیر بھی ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں اور مذکورہ سڑک کی تعمیر پر مشتمل ایک ہی پراجیکٹ تشکیل دے کر مشتہر کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ گلیات کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیئے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو اتھارٹی کے تحت گلیا ت میں ریسٹ ہاؤسز سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کل 49 ریسٹ ہاؤسز ہیں جن میں سے دو ریسٹ ہاؤسز لوکل گورنمنٹ کے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے مذکورہ دو ریسٹ ہاؤسز کو لیز پر جی ڈی اے کے حوالے کرنے اور اس سلسلے میں سمری بھیجنے کی ہدایت کی ۔