بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پشاور میں ڈینگی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے ٹیم تشکیل

پشاور میں ڈینگی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے ٹیم تشکیل

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے ڈینگی صورتحال کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر پشاور کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی ہے جس میں محکمہ صحت کے ممبران بھی شامل ہیں ٗ پشاور میں ڈینگی صورتحال کنٹرول میں ہے امیر مقام ڈینگی پر سیاست نہ چمکائیں ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام ترکئی نے ہفتہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے مدد کی پیشکش کی ہے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔ تاہم اس وقت صوبے میں ڈینگی کے حالات کنٹرول میں ہیں ٗلوگوں کو خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں انہوں نے کہا کہ امیر مقام شوق سے ہسپتال جائیں لیکن پہلے متاثرہ علاقوں میں بجلی فراہم کریں انہوں نے کہا کہ یقیناپنجاب حکومت کو ڈینگی سے نمٹنے میں بہت زیادہ تجربہ ہے جہاں ہمیں ان کے تجربے کی ضرورت ہو گی۔

اس میں پنجاب سے ضرور درخواست کی جائیگی انکا کہنا تھا کہ صحت و تعلیم میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے ہم زندگیاں بچانے کیلئے کام کر رہے ہیں کسی کو بھی اس کو سیاسی ایشو نہیں بنانا ہسپتالوں
میں سیاسی لوگوں سے زیادہ ڈاکٹروں کی ضرورت ہے انہوں نے اس موقع پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے مفت علاج و سکریننگ اور ٹیسٹوں کی مفت سہولیات کی فراہمی کے ساتھ فیسلی ٹیشن ڈیسک قائم کئے جائینگے جہاں سے مریض کو ریفر کیا جائے گا جبکہ متاثرہ علاقوں میں موبائل وین کھڑی کی جائینگی جن میں ڈاکٹرز موجود ہونگے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں محکمہ صحت سمیت دیگر محکمہ جات کے نمائندہ افراد شامل ہونگے کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جاری کریگی انکا کہنا تھا ابتک 862 افراد ڈینگی سے متاثرہ ہوئے ہیں 142 ڈینگی سے متاثرہ مریض ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ پانچ افراد ڈینگی سے جاں بحق ہوئے ہیں۔