بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف کی نااہلی، ن لیگ اختلافات کا شکار

نواز شریف کی نااہلی، ن لیگ اختلافات کا شکار

اسلام آباد۔ مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماء ، نواز شریف کے قریبی ساتھی اور وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنی جماعت میں دھڑے بندی کی موجودگی کا اعتراف کر لیا، کہتے ہیں سیاسی جماعتوں میں گروپنگ کا ہونا نئی بات نہیں۔ خواجہ آصف نے یہ بھی کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔ تاہم، سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے میں نواز لیگ کی آپس کی یہ لڑائی کسی اکھاڑ پچھاڑ کا پتہ دے رہی ہے۔ این اے 120 کا محاذ مسلم لیگ نون کے گلے کی ہڈی بن گیا۔ حکمران جماعت میں اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے۔

حمزہ شہباز انتخابی مہم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے رہ گئے۔ قیادت نے انہیں الیکشن کمپین سے ہی الگ کر دیا۔ این اے 120 میں انتخابی مہم اب مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک چلائیں گے۔ ادھر، مسلم لیگ نون کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شریف خاندان میں اختلافات کی خبریں مخالفین کی خواہش ضرور ہو سکتی ہیں لیکن مخالفین کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔

پرویز ملک اس وقت مسلم لیگ لاہور کے صدر ہیں، پرویز ملک کو بطور پارٹی صدر این اے 120 کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، مریم نواز اور حمزہ شہباز پرویز ملک کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ دوسری جانب، مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں ترجمان کے بیان سے ذرا مختلف مؤقف اپنا لیا، کہتی ہیں شریف خاندان میں دراڑ کی امید لگانے والے انشاء اللہ خاک چاٹیں گے، حمزہ شہباز اور پرویز ملک نے این اے 120 سے متعلق ہونے والی میٹنگ کی اکٹھے صدارت کی۔