بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گے، شاہد خاقان عباسی

نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ اور پارلیمان میں حکمران جماعت کی حتمی حکمت عملی پر مشاورت کی گئیجب کہ ارکان کو انتخابی اصلاحات پر ترمیمی بل سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں آئینی اصلاحات ترمیمی بل پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا گیا۔ اتنخابی اصلاحات ترمیمی بل 2017 کے مطابق نئے قانون میں الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی خود مختاری دے دی گئی ہے اور اب الیکشن کمیشن کو ہائی کورٹ کے مساوی اختیارات حاصل ہوں گے۔

نئے قانون کے مطابق الیکشن کمیشن مردم شماری کے نئی حلقہ بندیوں، امیدواروں کو تصاویر والی انتخابی فہرستیں فراہم اور تمام حلقوں کے انتخابی نتائج ویب پر جاری کرنے کا پابند ہوگا۔ جب کہ نئے ترمیمی بل مین سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے ایک ہی کاغذات نامزدگی ہوگا جب کہ ریٹرنگ افسر سے اضافی بیلٹ پیپرز چھاپنے کا صوابدیدی اختیار بھی ختم کردیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، عدالت نے جوفیصلہ دیا عوام نے اس کو مسترد کردیا ، ہم مل کر نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گے، انہوں نے مسلم لیگ (ن ) کے ارکان قومی اسمبلی سے کہا کہ میں ہر وقت آپ کے لئے حاضر ہوں آپ سے دور نہیں ہوں گا، آپ سب کو مل کر میرے ساتھ کام کرنا ہوگا کیونکہ آپ ساتھ دیں گے تو نواز شریف کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچاوں گا ۔

ارکان انتخابات کی تیاری کریں،وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں شروع کی گئی پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرار دادمنظور کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ان کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدآمد کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔ قرار داد میں یہ عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن آئین کی بالادستی کیلئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی ۔

مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کی پالیسیوں نے پاکستان کو نہ صرف اقتصادی اور معاشی تباہی ،بدترین لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کے دھانے سے نکالا بلکہ ملک کو ترقی ،خوشحالی اور امن واستحکام کی شاہراہ پر بھی گامزن کیا ہے ۔ اس جماعت نے ملک کی تاریخ میں توانائی کے شعبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ممکن بنا کر روشن پاکستان کی بنیاد رکھی ہے سی پیک کے ذریعے پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت فراہم کی ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ ن ملک کے خوشحال مستقبل امن اور عوام کی حکمرانی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھے گی ۔ قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد بھر پور توانائیوں سے جاری رکھا جائے گااور ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی ۔

قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اجلاس یہ محسوس کرتا ہے کہ چند مایوس سیاستدان جمہوری میدان میں پے درپے شکستوں سے مایوس ہوکر ملک میں قومی اداروں میں محاذ آرائی کراکے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر انہیں کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ اجلاس یہ بھی محسوس کرتا ہے کہ پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کا مقابلہ صرف مضبوط جمہوریت قانون کی حکمرانی اور عوام کے حق حکمیت کے احترام کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے ۔

پاکستان نے ماضی میں ان اصولوں سے روگردانی کرکے بھاری قیمت ادا کی ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن آئین کی بالادستی کیلئے دیوار چین کا کردار ادا کرے گی اور آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی اورعوامی خدمت کی بنا پر ملک کے چاروں صوبوں میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی ۔