بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا حکومت کا ڈینگی آگاہی مہم چلانے کا اعلان

خیبر پختونخوا حکومت کا ڈینگی آگاہی مہم چلانے کا اعلان

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں ڈینگی کے مستقل خاتمے کیلئے انسدادپولیو کی طرز پر مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے گھر گھر آگاہی پمفلٹس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈینگی کے خلاف مہم کے دوران علماء کی خدمات بھی لی جائیں گی پشاور میں ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے ٗ مریض صحت یاب ہو کر گھر جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام ترکئی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام اور صوبائی حکومت شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ڈینگی وائرس کا خاتمہ یقینی بنائیں اس وائرس پر جلد از جلد قابو پانے اورعوام کو اس وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دوسرے صوبوں کی نسبت ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کاخدشہ بہت کم ہے راولپنڈی،فیصل آباد،لاہورودیگر شہروں میں ڈینگی وائرس نے جتنا نقصان کیا تھا اتنا خیبر پختونخو ا میں نہیں ہوا ۔

اسی سلسلے میں صوبائی حکومت عوام کو بھی خبردار کرتی ہے کہ کسی بھی جگہ اگر پانی کھڑا ہے اس کو فوری طور پر ختم کریں۔اس حوالے سے ہیلتھ یونٹس اور ہیلتھ موبائلز بھی اپنا کام کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کو ختم کرنے کے لئے طلباء اوررضا کاروں کوبھی ساتھ کھڑا ہونا ہوگا تاکہ اس سلسلے میںآگاہی مہم چلائی جاسکے اور کم سے کم وقت میں عوام کو احتیاطی تدابیر سکھائی جاسکیں۔

شہرام ترکئی نے مزید کہا کہ تمام مساجد کے علماء کرام کو بھی اس مہم میں شریک کیا جائے گا جو لاؤڈسپیکرز پر عوام کو دن میں کئی بار ڈینگی وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر بتائینگے اوراس کے لئے مساجد کے علماء سے تفصیلی بات کی جائے گی اور اس میں پمپلٹس تقسیم کیے جائیں گے تاکہ وہ اسی مناسبت سے عام لوگوں کو آگاہی فراہم کرسکیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں فنڈز کی کمی نہیں اس سلسلے میں جتنے بھی فنڈز درکار ہوں گے صوبائی حکومت فراہم کرے گی لیکن اس وائرس کو مکمل طور پر ختم کرکے ہی دم لینگے۔