بریکنگ نیوز
Home / کھیل / کولنگ ووڈ ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان آنے کو تیار

کولنگ ووڈ ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان آنے کو تیار


انگلینڈ کے سابق چمپیئن کپتان پال کولنگ ووڈ تین میچوں کی سیریز کے لیے اینڈی فلاور کی کوچنگ میں اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے کو تیار ہیں۔

گارجین کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے سابق ٹی ٹوئنٹی چمپین کپتان پال کولنگ ووڈ نے لاہور میں 12، 13 اور 15 سمتبر کو ہونےوالی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دستیابی ظاہر کردی ہے۔

ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور عمران طاہر کی شمولیت کے حوالے سے رپورٹس عام ہوئی تھیں تاہم آنے والے دنوں میں ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے نام سامنے آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کو فی کس 75 ہزار پاؤنڈ کے قریب ادائیگی کی جائے جس کو بین الاقوامی سیریز کا درجہ دیا جائے گا۔

دوسری جانب کولنگ ووڈ کی ورلڈ الیون میں انتخاب کی صورت میں وہ انگلینڈ کی کاؤنٹی چمپیئن شپ میں اس دوران ہونے والےمیچوں میں ڈرہم کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔

یاد رہے کہ 41 سالہ کولنگ ووڈ کی قیادت میں انگلینڈ نے 2010 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ایک روزہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔

کولنگ ووڈ بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بھرپور سرگرم ہیں اور رواں سیزن میں ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے بزرگ ترین کھلاڑی بن گئے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کی کوچنگ زمبابوے کے سابق کپتان اینڈی فلاور کررہے ہیں جو ٹیم کی پاکستان آمد سے قبل متحدہ عرب امارات میں تربیتی کیمپ کا انعقاد کریں گے۔

ورلڈ الیون میں ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور افغانستان سےتعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی شمولیت متوقع ہے۔

خیال رہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پاکستان کا متوقع دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کے لیے 7 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 15 بین الاقوامی کرکٹرز نے مثبت جواب دیا ہے۔