بریکنگ نیوز
Home / کھیل / سمر سلیم کا میلہ یونیورسل چیمپئن شپ میچ نے لوٹ لیا

سمر سلیم کا میلہ یونیورسل چیمپئن شپ میچ نے لوٹ لیا

ڈبلیو ڈبلیوای سمر سلیم کا میلہ فیٹل فور وے میچ نے لوٹ لیا جس کے نتیجے نے لوگوں کو حیران کردیا، حالانکہ کافی حد تک یہ متوقع تھا۔

گزشتہ شب نیویارک میں ہونے والے ڈبلیو ڈبلیو ای کے اس شو کا مین ایونٹ یونیورسل چیمپئن بروک لیسنر، رومن رینز، سموا جوئی اور براﺅن اسٹرومین کے درمیان تھا اور چاروں ریسلرز نے اسے ایونٹ کی تاریخ کے یادگار ترین میچز میں سے ایک بنا دیا۔

میچ کے آغاز پر ایسا لگ رہا تھا کہ وینیو میں موجود لوگ براﺅن اسٹرومین یا سموا جوئی کی جیت کے خواہشمند ہیں جبکہ رومن رینز پر آغاز سے ہی آوازیں کس کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔

میچ کے آغاز سے ہی چاروں ریسلرز کے درمیان گھمسان کا رن پڑا اور بروک لیسنر نے سموا جوئی اور رومن رینز کو نشانہ بنایا جبکہ چیمپئن خود براﺅن اسٹرومین کے داﺅ کی زد میں آکر رنگ سے باہر جاگرے۔

براﺅن اسٹرومین نے بروک لیسنر کو اناﺅنسٹر ٹیبل پر پاور سلیم داﺅ کے ذریعے دے مارا جس کے بعد انہیں طبی امداد دی گئی اور انہیں اسٹریچر پر باہر لے جایا گیا۔اس کے بعد باقی تینوں ریسلرز کے درمیان مقابلہ ہوا مگر براﺅن اسٹرومین سب پر بھاری ثابت ہوئے۔غیر متوقع طور پر بروک لیسنر اچانک میچ میں واپس آئے اور چاروں ریسلرز کئی بار جیت کے قریب پہنچے تاہم کسی کی مداخلت کی وجہ سے کامیاب نہ ہوسکے۔

تاہم آخر میں اچانک بروک لیسنر نے رومن رینز کو ان کے داﺅ سپرمین پنچ لگانے کی کوشش میں ہوا میں کیچ کرکے اپنا داﺅ ایف فائیو لگایا اور ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا، تاہم زخمی ہونے کے بعد ان کی واپسی اور کامیابی لوگوں کے غیرمتوقع ثابت ہوئی۔

اس سے قبل سمر سلیم کے آغاز سے پہلے پری شو میں دی مز اور ان کے ساتھیوں نے ہارڈی برادرز اور جیسن جورڈن، نیویلے نے کروزر ویٹ چیمپئن شپ کے لیے اکیرہ توزاوہ جبکہ اوسوز نے نیو ڈے کو شکست دے کر اسمیک ڈاﺅن ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

سمر سلیم کے باقاعدہ مقابلوں کے آغاز میں سولہ بار چیمپئن رہنے والے جان سینا نے 2010 کے بعد پہلی بار سمر سلیم ایونٹ میں بیرن کوربن کو شکست دی اور لگاتار چھ شکستوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔

نتالیہ نے اسمیک ڈاﺅن چیمپئن شپ میچ میں دفاعی چیمپئن ناﺅمی کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

بگ شو کو شارک کیج میچ میں بگ کاس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

رینڈی اورٹن نے صرف 9 سیکنڈ میں روسوف کو ہرا کر سب کو دنگ کردیا جبکہ را ویمن چیمپئن شپ کا دفاع کرنے والی الیکسا بلیس کو ساشا بینکس کے ہاتھوں ٹائٹل سے محروم ہونا پڑا۔

ایک سال بعد فن بیلور اپنے مخصوص ڈیمون کے روپ میں نظر آئے اور برے وائیٹ کو شکست دی۔

را ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ کے میچ میں ڈین امبروز اور سیٹھ رولنز نے دفاعی چیمپئن سیزارو اور شیمس کو ہرایا، جبکہ اے جے اسٹائلز نے کیون اوئنز کے مقابلے میں یونائٹیڈ اسٹیٹس چیمپئن شپ کا کامیاب دفاع کیا۔