بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اداروں کے استحکا م پر پختہ یقین رکھتے ہیں ٗشاہد خاقان

اداروں کے استحکا م پر پختہ یقین رکھتے ہیں ٗشاہد خاقان

اسلام آباد۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت قانون کی حکمرانی جمہوری تصورات کی بالا دستی اور اداروں کے استحکا م پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ وہ منگل کو مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی ۔

وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان سینیٹ میں ایوان بالا میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق، وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان، وزیر برائے انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی، وزیر شماریات کامران مائیکل، وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف سعید کرمانی، چوہدری تنویر، غوث محمد خان نیازی، مسٹر حمزہ ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، نثار محمد، پرویز رشید، سلیم ضیاء ، سردار محمد یعقوب خان ناصر ، سعود مجید ، آغاز شاہ زیب درانی، محمد جاوید عباسی، عائشہ رضا فاروق ، کلثوم پروین ، نجمہ حمید، نزہت صادق اور راحیلہ مگسی شامل تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ چار برسوں کے دوران ملک کو درپیش چیلنجوں سے نکالنے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے، محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معیشت سے لیکر امن و امان کی ابتر صورتحال تک کے چیلنجوں سے مؤثر طور پر نبردآزما ہوتے ہوئے ملک کو واپس پٹڑی پر ڈالا ہے اور ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے۔

وزیر اعظم نے سکیورٹی، معیشت اور ترقی سے متعلق مختلف پالیسی اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت کی کارکردگی گزشتہ حکومتوں سے بہتر ہے۔ حکومت نے اشد درکار ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جن سے عوام کی ضروریات پوری ہوئیں اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ۔

وزیراعظم نے اس امر پرزور دیاکہ حکومتی پالیسیوں سے بین الاقوامی سطح پر ہمارا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوا اور بین الاقوامی برادری بالخصوصی غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، ممتاز بین الاقوامی اداروں نے اس کا اعتراف بھی کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے کرپشن سے پاک حکومت کا تصور دیا ہے اور درحقیقت یہ ہم سب کے لئے نہایت فخر کی بات ہے کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔

وزیر اعظم نے بالخصوص معیشت ، بجلی کے شعبہ ، مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے شعبہ جات میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قانون کی حکمرانی جمہوری تصورات کی بالا دستی اور اداروں کے استحکا م پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کے روبرو حقیقی چیلنج گزشتہ چار برسوں کے دوران حاصل ہونے والے فوائد کو تقویت دینا ہے۔