بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا ڈینگی متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا ڈینگی متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاورمیں ڈینگی سے متاثرہ علاقے تہکال کا دورہ کیا ۔ پرویزخٹک ڈینگی کے پھیلنے اور متعدد ہلاکتوں کے ایک ماہ بعد اس علاقے پہنچے اور شہریوں سے ملاقات کی۔

پرویزخٹک ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کے گھر گئے اور ان کے ورثا سے تعزیت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم پر برس پڑے جن کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم کی آمد کا انہیں نہیں بتایا گیا۔

انہوں نے شہباز شریف سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ انہیں بھی ڈینگی کے خاتمے کا جادو بتائیں؟۔پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کئی سالوں میں ڈینگی پر قابو پایا گیا، صوبوں کو ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے، اگر پنجاب میں ڈاکو پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیں تو کیا ہم یہاں سے انہیں بازیاب کرانے کیلئے پولیس بھیجیں گے؟۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم نے یہاں آکر براہ راست کام شروع کر دیا یہ کیا طریقہ ہے؟۔وزیرصحت شہرام ترکئی بھی پہلی بار وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے ساتھ اس علاقے پہنچے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ڈینگی کے پھر پانچ کیسز سامنے آئے ہیں، پشاور میں موذی مرض کے خاتمے کیلئے شہریوں میں آگاہی کیلئے گھر گھر ٹیمیں بھیج رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم پی اے یاسین خلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ ایک وین لاکر ڈینگی پر سیاست کر رہے ہیں۔

دو دن کے اندر خود علاقے کو ڈینگی سے پاک کریں گے۔ وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپے معاوضے کا اعلان بھی کیا۔دوسری جانب پشاورمیں ڈینگی سے مزید 2خواتین جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق افراد کی تعداد 12ہوگئی۔ تہکال بالا کی رہائشی نہایت بی بی ڈینگی بخار میں مبتلا تھی جو منگل کی صبح دم توڑ گئیں،خاتون کا شوہر اور 10سالہ بیٹا بھی ڈینگی وائرس سے متاثر ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکیس ، خیبرٹیچنگ اسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں متاثرہ افراد کی تعداد976تک جاپہنچی۔جمرود کے بعد مردان اور صوابی میں بھی ڈینگی سے متاثرہ 4افراد کو مردان میڈیکل کمپلیکس میں داخل کر دیا ہے۔پشاورمیں پنجاب حکومت اور صوبائی حکومت کی جانب سے تہکال اور سفید ڈھیری سمیت دیگر کیمپوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی اسکرننگ کی جارہی ہے۔