بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / غیر ملکی خواتین سے شادیا ں کرنیوالے سرکاری ملازمین

غیر ملکی خواتین سے شادیا ں کرنیوالے سرکاری ملازمین


اسلام آباد۔حکومت نے غیر ملکی خواتین سے شادیا ں کرنے والے وفاقی سرکاری ملازمیں کی تفصیلات ایوان بالا میں جمع کرادیں، ایوان کو آ گاہ کیا ہے کہ گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک 68 سرکاری ملازمین نے غیر ملکی خواتین سے شادیاں کی۔ گریڈ 1 سے گریڈ 16 تک 3127 سرکاری ملازمین کی غیرملکی خواتین سے شادی ہوئی۔ سب سے زیادہ گریڈ 5 کے 662 ملازمین نے غیر ملکی خواتین سے شادی کی جبکہ گریڈ 1 کے 39 ملازمین نے بھی غیر ملکی خواتین سے شادیا ں کیں۔

گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک بھر میں 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے ، برآمدات کے فروغ کے لئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈز کے تحت 20 تربیتی ادارے قائم کئے گئے ہیں ، اسلام آباد میں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم کرنے کے لئے 500 بستروں کے تین ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں ، بنیادی صحت اور دیہی صحت کے مراکز قائم کئے جا رہے ہیں، گزشتہ 381 ملین ڈالر کے فریش اور ڈرائی فروٹ برآمد کئے گئے ، گزشتہ پانچ سال کے دوران 449 ملین ڈالر کی کرومائیٹ جب کہ 1319 ملین ڈالر کی معدنیات برآمد کی گئیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آ فتاب ، وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان ، وزیر مملکت تجارت اکرم انصاری، وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری و دیگر نے وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا ۔

منگل کو ایوان بالا کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالفغور حیدری کی صدارت میں ہوا ۔ وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر نذہت صادق کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے تجارت اکرم انصاری نے آگاہ کیا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈز کے تحت وزارت تجارت نے برآمدات کے فروغ کے لئے ملک میں 20 تربیتی ادارے قائم کئے ہیں ۔ سینیٹر اعظم سواتی کے سوال کے جواب میں وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا کہ جنگلات کے کٹاؤ سے ماحولیاتی تبدیلی آرہی ہے اور آب و ہوا پر منفی اثر پڑ رہا ہے ۔ گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک بھر میں 10 کروڑ درخت لگائے جائیں گے ۔

آدھا خرچہ وفاقی حکومت جب کہ باقی اخراجات صوبے برداشت کریں گے ۔ سینیٹر عتیق شیخ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پولی کلینک ہسپتال کی توسیع کے حوالے سے ارجنٹینا پارک سے 2.5 ایکڑ زمین پولی کلینک کے حوالے کی جا چکی ہے ۔ اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہسپتالوں سے رش کم کرنے کے لئے بنیادی صحت کے مراکز اور دیہی صحت کے مراکز کو فعال کیا جا رہا ہے ۔

اسلام آباد میں 500 بستروں پر مشتمل تین ہسپتال بنائے جا رہے ہیں ۔ سینیٹر طلحہ محمود کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے تجارت اکرم انصاری نے کہا کہ 2016-17 میں 381 ملین ڈالر کے فریش اور ڈرائی فروٹ برآمد کئے ۔ نہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان نے 449 ملین ڈالر کی کرومائیٹ برآمد کی جب کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 1319 ملین ڈالر معدنیات برآمد کیں ۔

وزارت کیڈ نے آگاہ کیا کہ جنوری 2014 سے دسمبر 2016 تک سی ڈی اے کی کل آمدن 50 ارب رہی جب کہ 54.7 ارب کے اخراجات کئے ۔ سینیٹر عثمان کاکڑ کے سوال کے جواب میں وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے آگاہ کیا کہ 3193 وفاقی سرکاری ملازمین نے غیر ملکی خواتین سے شادیاں کر رکھی ہیں ۔ جن میں گریڈ 22 ایک اور ایک آفیسر نے گریڈ 21 کے تین آفیسر نے گریڈ 20 کے تین آفیسرز نے اور گریڈ 19 کے گیارہ آفیسرز نے غیر ملکی خواتین سے شادیاں کر رکھی ہیں ۔ گریڈ 18 کے 18 اور گریڈ 17 کے 25 آفیسرز نے بھیغیر ملکی آفیسرز سے شادیاں کررکھی ہیں ۔

گریڈ 1 سے گریڈ 16 تک کے 3127 وفاقی ملازمین نے بھی غیر ملکی خواتین سے شادیاں کر رکھی ہیں ۔سینٹ نے غیر ملکی خواتین سے شادی کرنے والے وفاقی سرکاری ملازمین کے ناموں سمیت تفصیلات طلب کرلیں اور سوال کو آئندہ اجلاس کے لئے موخر کردیا۔