بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں لوکل گورنمنٹ فعال کرنیکی ہدایت 

خیبر پختونخوا میں لوکل گورنمنٹ فعال کرنیکی ہدایت 


پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے لوکل گورننس سسٹم کے تحت اہداف کا حصول یقینی بنانے کیلئے حقیقی اختیارات ، ذمہ داریوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشتمل جامع ڈیزائن وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اُن کی حکومت لوکل گورنمنٹ کا دیگر اداروں اور محکموں پر انحصار کم سے کم کرکے اسے مکمل طور پر فعال دیکھنا چاہتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے متعارف کر دہ ویژن کی حقیقی روح کے مطابق اس سسٹم کو ایک ماڈل گورننس سسٹم ہونا چاہیئے وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں لوکل گورنمنٹ سیکٹر کے پانچویں سٹاک ٹیک اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سسٹم کی مضبوطی اور آزاد ی کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات ، مختلف قوانین ، لوکل گورنمنٹ سسٹم کی ضروریات ، لوکل گورنمنٹ سسٹم کی آزادی پر اثر انداز ہونے والے غیر ضروری ریگولیٹری فریم ورک ، انٹر گورنمنٹ کوآرڈنیشن سپورٹ ، جاری شدہ فنڈز اوراخراجات کی شرح اور مختلف سکیموں پر عمل درآمد کی اصلی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزاد سعید، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کی سطح پر حکومت کی تعریف کیلئے ترمیم تجویز کرنے کی ہدایت کی تاکہ ترقیاتی حکمت عملی اور ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کو آسان بنانے، ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات سمیت کنٹریکٹرز کو ادائیگی اور انتظامی اختیارات کیلئے مربوط فیصلہ سازی ممکن ہو سکے ۔تجویز منظوری کیلئے صوبائی کابینہ میں پیش کی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ سرکاری وسائل کے خرچ کرنے کا معاملہ ہے اور حکومت ان وسائل کے شفاف استعمال کی ذمہ دار ہے تاکہ ترقیاتی عمل کا فائدہ ہر شخص کو پہنچ سکے۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ جاری شدہ وسائل کا عوامی توقعات اور ضروریات کے مطابق استعمال یقینی بنایا جائے اور عندیہ دیا کہ اس سلسلے میں مطلوبہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ پرویز خٹک نے مختلف ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کی پیش رفت کو مانیٹرکرنے کیلئے موثر فیلڈ وزٹ کی ہدایت کی ۔ڈسٹرکٹ فنانس اینڈ پلاننگ یونٹ کو مضبوط کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے مانیٹرنگ ، عمل درآمد ، انتظامی معاملات اور آڈٹ کے اُمور پر مشتمل جامع سٹرکچر تیار کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اٹھارویں ترمیم کے تناظر میں انتظامی کنٹرول اور دیگر کراس فنکشنز کے لئے تجویز پیش کی جائے جو تمام قانونی پہلوؤں کا احاطہ کئے ہوتاکہ حقیقت پسندانہ فیصلہ کیا جا سکے۔ضلعی سطح پر کردار اور ذمہ داریوں کا قانونی تعین ہونا چاہیئے تاکہ حکومت اس سلسلے میں قانونی فیصلہ دے سکے ۔وزیراعلیٰ نے ان ٹرن گورنمنٹ ڈیوولوشن سپورٹ کمیٹی کیلئے تجویز سے اتفاق کیا ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ ضلع میں نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے مزید فنڈز کا اجراء اور شیڈول اخراجات کرنے والے ادارے کی استعداد کو دیکھتے ہوئے صورتحال سے ہم آہنگ ہونا چاہیئے۔

انہوں نے صوبہ بھر کے اضلاع میں جاری سکیموں اور وسائل کے استعمال کی اصلی صورتحال پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ رپورٹ اندازوں پر مشتمل نہیں بلکہ مصدقہ ہونی چاہیئے انہوں نے نئی سکیموں کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ کے کردار کی ریشنلاائزیشن کے لئے تجویز سے بھی اتفاق کیا تاہم اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جاری سکیموں پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی حکمت عملی کے نفاذ اور ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیئے ۔پرویز خٹک نے حکمرانی کی نچلی سطح پر انٹرنل آڈٹ کا طریق کار متعارف کرانے کیلئے سمری طلب کی اور ہدایت کی کہ سمری تمام قانونی تقاضوں پر مشتمل ہونی چاہیئے ۔ ریونیو جنریشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کیلئے مراعات اور انعام سے بھی اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ریونیو اتھارٹی اس طرح کا کیس پہلے سے بھیج چکی ہے ۔وزیراعلیٰ نے دونوں کیسز پر مشتمل مشترکہ سمری بھیجنے کی ہدایت کی تاکہ دونوں اداروں کو یکساں مراعاتی پیکج دیا جاسکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن آکشن کا عمل آن لائن کررہی ہے ۔آکشن کا اشتہار اخبار میں دیا جائے گاجبکہ بڈنگ آن لائن ہو گی ۔آن لائن طریقہ کار کے تحت پہلا آکشن اکتوبر سے کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ پبلک سیفٹی کمیشن کے نفاذ اور ڈویژنز کی سطح پر ریجنل کمپلینٹ اتھارٹیز اور صوبائی کمپلینٹ اتھارٹی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے سالڈ ویسٹ کولیکشن کیلئے تحصیل وائز ڈمپنگ گراؤنڈز کی تفصیل بھی طلب کی ۔وزیراعلیٰ نے ویلج کونسلوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ صفائی کا عمل سال بھر جاری رہنا چاہیئے اور اس کے لئے قابل عمل طریقہ کار نکالیں۔انہوں نے سکیموں کی ڈپلیکیشن کے خلاف ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ تمام اضلاع کو تحریری صورت میں آگاہ کیا جائے کہ سکیموں کی ڈپلیکشن سے اجتناب کریں تاکہ عوام وسائل سے حقیقی معنوں میں استفادہ کر سکیں۔