بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اسلامی تعلیمات بھائی چارے اور امن کا درس دیتی ہیں ٗ خطبہ حج

اسلامی تعلیمات بھائی چارے اور امن کا درس دیتی ہیں ٗ خطبہ حج


اسلام آباد ۔ ڈاکٹر سعد بن ناصرالشتری نے کہا ہے کہ تمام مسلمان امن پسند ہیں،اسلامی تعلیمات بھائی چارے اور امن کا درس دیتی ہیں،اللہ سے دعا گو ہیں کہ مسلمانوں کو پہلا قبلہ بیت المقدس مل جائے،اسلام نے برائی اور فحاشی کو حرام قرار دیا، مسلمانوں کے حکمران اللہ کا قرب حاصل کریں،والدین اپنے بچوں کو قرآن کی تعلیم سے آراستہ کریں، بہترین آدمی ہے جو قرآن پڑھے اور پڑھائے، اللہ کے راستے میں خرچ کرنے والوں کو اس کا 700گنا سے زائد لوٹا یا جاتا ہے، اسلام نے دین، مال، جان، عزت اور عقل پر حملے سے منع فرمایا، کسی عربی کو کسی عجمی پر اور کسی عجمی کو کسی عربی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں ہے، کسی کو رنگ و نسل کے لحاظ سے ایک دوسرے پر کوئی فوقیت نہیں ہے۔

فوقیت کا معیار صرف تقویٰ ہے، خطبہ حجۃ الوداع مختصر تھا مگر دین کے تمام اصول اس میں سمٹ گئے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو جہالت کے بعد علم و دانش عطا فرمائی، آپؐ نے فرمایا تمہارا خون، مال اور عزتیں ایک دوسرے کیلئے قابل احترام ہیں۔جمعرات کوڈاکٹر سعد بن ناصرالشتری نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کیلئے ہی ہیں، ہم اس کی تعریف کرتے ہیں، اللہ کی رحمتیں اور نعمتیں ہوں،محمدؐ، ان کی آل اور تمام صحابہ کرامؓ پر، میں خود کو اور آپ سب کو اللہ تعالیٰ سے ڈرنے کی تلقیں کرتا ہوں۔

اللہ تعالیٰ سے ڈرو، جس طرح ڈرنے کا حق ہے، میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدؐ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں، اللہ کا حکم ہے کہ میری عبادت کو اور میرے ہی سامنے سجدہ کرو، تمام انبیاء کو اللہ تعالیٰ نے توحید کی دعوت دینے کیلئے بھیجا۔خطبہ حج میں کہا گیا کہ ہر نبی نے یہ تعلیم دی کہ اللہ تعالیٰ کی بندگی کرو اور اس کا تقویٰ اختیار کرو، محمد ؐ اللہ تعالیٰ کے رسولؐ ہیں، ان کو بندوں کی رہنمائی کیلئے بھیجا گیا، اللہ تعالیٰ کی عبادت ایسی کرنی چاہیے جیسے نبیؐ نے ہمیں تعلیم دی، راہ نجات ایک ہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن ہوں۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ قرآن فرماتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اور رسولؐ پر ایمان لاؤ، اسلام کے ارکان اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی گواہی، نماز، زکوٰۃ، روزے، حج کا فریضہ ادا کریں، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن پاک نازل کیا گیا ہے، اللہ تعالیٰ نے استطاعت رکھنے والوں پر حج بیت اللہ کو فرض کر دیا ہے،خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایا کہ اللہ تعالی کی نعمت پوری ہو گئی اور دین اسلام کو بطور دین پسند فرمادیا گیا۔

اسلامی تعلیمات نے انسانوں میں بھائی چارہ قائم کیا، اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے محمدؐ کو رحمت بنا کر بھیجا، اسلامی تعلیمات، بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہے۔ڈاکٹر سعد بن ناصرالشتری نے کہا کہ شریعت اسلامیہ نے والدین کی خدمت کا درس دیا ہے، اسلام نے فحاشی اور برائی کو حرام قرار دیا ہے، اس کے علاوہ ہر قسم کے غبن اور سود کو بھی حرام قرار دیا ہے، حجۃ الوداع میں محمدؐ نے لوگوں کی جانیں انتہائی محترم قرار دی تھیں۔

آپؐ نے لوگوں کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے بڑی محنت کی، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ ایک دوسرے کا مال نا حق نہ کھاؤ۔ خطبہ حجۃ الوداع مختصر تھا مگر دین کے تمام اصول اس میں سمٹ گئے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو جہالت کے بعد علم و دانش عطا فرمائی، آپؐ نے فرمایا تمہارا خون، مال اور عزتیں ایک دوسرے کیلئے قابل احترام ہیں، اسلام نے دین، مال، جان، عزت اور عقل پر حملے سے منع فرمایا، کسی عربی کو کسی عجمی پر اور کسی عجمی کو کسی عربی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں ہے، کسی کو رنگ و نسل کے لحاظ سے ایک دوسرے پر کوئی فوقیت نہیں ہے، فوقیت کا معیار صرف تقویٰ ہے، اسلام نے مسلم اور غیر مسلم کے ساتھ زیادتی کرنے سے منع فرمایا ہے۔

اسلام امن کا درس دیتا ہے، شریعت محمدی باہمی محبت کی دعوت دیتی ہے، شریعت اسلامی پورے عالم میں امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اللہ تعالیٰ نے بیت اللہ کو امن کی جگہ قرار دیا ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مسحد اقصیٰ مسلمانوں کو لوٹ دے،اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں، اللہ کی عبادت کریں اور ہر قسم کے تعصب سے اجتناب کریں۔ڈاکٹر سعد بن ناصرالشتری نے کہا کہ حجۃالوداع میں محمدؐ نے فرمایا کہ قرآن سے ہدایت حاصل کرنے والا کامیاب رہے گا۔

اللہ تعالیٰ کی کتاب کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور اس سے رہنمائی حاصل کرو، اللہ کی کتاب کے مطابق اپنی زندگی گزارو اور اس پر عمل کرو، مسلمان والدین اپنے بچوں کو قرآن کی تعلیم دیں، فرمان نبویؐ ہے کہ بہترین آدمی ہے جو قرآن پڑھے اور پڑھائے، اللہ کے راستے میں خرچ کرنے والوں کو اس کا 700گنا سے زائد لوٹا یا جاتا ہے، حضرت محمدؐ نے لوگوں کو نرمی کا حکم دیا، محمدؐ نے فرمایا کہ حج کے دوران معذوروں کیلئے رعایت ہے، اسلامی تعلیمات ہیں نیکی کرنے والے کا بدلہ نہ چکا سکو تو اس کیلئے دعا کرو۔ڈاکٹر سعد بن ناصرالشتری نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اے اللہ پاک تمام حجاج کا حج قبول فرما اور ان کیلئے آسانی پیدا فرما،آمین۔