بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کراچی میں طوفانی بارشوں سے تباہی

کراچی میں طوفانی بارشوں سے تباہی

کراچی۔کراچی میں طوفانی بارشوں سے مزید تین افراد جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی۔شہر میں طوفانی بارش سے پوار شہر ڈوب گیا، علاقہ مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، سیوریج کا پانی بھی گھروں میں داخل ہوگیا۔ نارتھ کراچی میں 130، ناظم آباد میں 122، گلستان جوہر میں 83، مسرور بیس 62، فیصل بیس 51، صدر میں 62، ائیرپورٹ 40 اور گلشن حدید میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں کئی گھنٹے سے ہونے والی بارش سے شہر قائد میں جابجا پانی جمع ہوگیا، ناگن چورنگی سے پاور ہاس چورنگی تک 2 کلومیٹر علاقہ سیلاب کی تصویر بن گیا۔ شہر میں ایمرجنسی کے باوجود انتظامیہ غائب ہے، صورتحال کنٹرول سے باہر ہو رہی ہے۔ بارش اور پائپ لائن پھٹنے سے پانی اکٹھا ہوا مگر تاحال نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا، سرجانی ٹاون آنے اور جانے والا رستہ ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔بارش کے باعث کئی گرڈ سٹیشنز ٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، ملیر، کورنگی، ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹان، پی ای سی ایچ سوسائٹی، گرو مندر، ماڈل کالونی، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، گلبرگ میں بجلی کی سپلائی معطل ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کاسامنا ہے۔ کراچی میں موسلا دھار بارش کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون چشتی نگر میں بجلی کی تار گرنے سے ساجد نامی شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ پیپلز چورنگی پر 8 سالہ بچہ برساتی نالے میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا۔ نارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک سالہ بچہ فرمان جاں بحق ہوگیا۔ لیاری کلاکوٹ میں بجلی کی تار گرنے سے 7 سالہ بچہ محمد جاں بحق ہوگیا۔ ادھر بلدیہ چوبیس مارکیٹ بھی کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لیاری بہار کالونی، اورنگی ٹاون، بلدیہ بکری پیڑی، گلشن معمار میں بھی کرنٹ لگنے اور ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 7 افراد موت کی نیند سو گئے۔