بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / نواز شریف کی موجودگی میں کلثوم نواز کی سرجری

نواز شریف کی موجودگی میں کلثوم نواز کی سرجری


لندن ۔سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی سرجری شروع ہو گئی ہے جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اسپتال میں موجود ہیں۔کلثوم نواز کی بیٹی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا کہ ’امی [کلثوم نواز] کی سرجری شروع ہو گئی ہے آپ سب سے گزارش ہے کہ ان کے لیے دعا کریں،شکریہ‘۔نواز شریف کی اہلیہ وسطی لندن کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں ڈاکٹروں نے ان کے حلق میں کینسر تشخیص کیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی آج سرجری ہوگی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف بھی لندن کے ہسپتال میں موجود ہیں جہاں انہوں نے سرجری سے قبل کلثوم نواز کی ہمت بڑھائی۔ڈاکٹرز کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے گلے کا کینسر ابتدائی اسٹیج پر ہے جو قابل علاج ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بھی ہیں۔سابق خاتون اول ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوگئی تھیں جن کے کاغذات نامزدگی کورنگ امیدوار کی جانب سے جمع کرائے گئے۔