بریکنگ نیوز
Home / کھیل / فاسٹ باؤلر محمد عامر کے گھر بیٹی کی پیدائش

فاسٹ باؤلر محمد عامر کے گھر بیٹی کی پیدائش

پاکستان کے معروف فاسٹ بولر محمد عامر کے گھر بیٹی نے جنم لیا ہے جس کی اطلاع انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تمام فینز کو دی۔

سماجی روابط کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی اور نومولود بیٹی کی تصویر کے ساتھ محمد عامر نے لکھا کہ ’شکر الحمداللہ، میں اللہ کی رحمت سے نوازا گیا ہوں‘۔

کرکٹ اسٹار کی اس ٹوئٹ کے بعد دنیا بھر میں موجود مداح انہیں مبارک باد دے رہے ہیں جبکہ عامر کے گھر آنے والے نئے مہمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ کرکٹر محمد عامر گذشتہ سال ستمبر میں پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی نرجس سے شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

عامر اور نرجس کا نکاح ستمبر 2014 میں لاہور میں ہواتھا جہاں تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی رشتے داروں کو دعوت دی گئی تھی۔

جس کے بعد گذشتہ سال 19 ستمبر کو محمد عامر کی مہندی کی رسم ہوئی، 20 ستمبر کو ان کی شادی اور 21 ستمبر کو ان کے ولیمے کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ محمد عامر 2010 میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوران دیگر دو ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 3 ماہ برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی تھی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 میں ان پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔