بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / بھارت کی حریت رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت

بھارت کی حریت رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت

نئی دہلی/سرینگر ۔بھارتی داخلہ راج ناتھ سنگھ نے حریت رہنماؤں کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے پڑوسی ملک پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ،اسے بھارت میں دہشت گرد بھیجنے اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی فنڈنگ کا سلسلہ بند کرنا چاہیے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز اکثر بھارتی چوکیوں اور گاؤں کو نشانہ بناکر فائرنگ کرتے رہتے ہیں لیکن وہ آج نہیں تو کل جنگ بندی کی خلاف ورزی روک دیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ روز حریت رہنماؤں کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جو کوئی مجھ سے بات کرنا چاہتا ہے وہ اس کے لئے کھلے دل و دماغ سے تیار ہیں۔انہوں نے کشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 35 اے پر مبینہ طور پر منڈلا رہے خطرے پر کہا کہ مرکزی حکومت کوئی بھی ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے کشمیر کے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسی ملک پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور اسے بھارت میں دہشت گرد بھیجنے اور دہشت گردانہ کارروائیوں کی فنڈنگ کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اکثر بھارتی چوکیوں اور گاں کو نشانہ بناکر فائرنگ کرتے رہتے ہیں، لیکن وہ آج نہیں تو کل جنگ بندی کی خلاف ورزی روک دیں گے۔دوسری جانب حریت کانفرنس کے رہنما سید علی شاہ گیلانی کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا جیسے گنجان آبادی والے خطے میں دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان مخاصمت آرائی نہ صرف برصغیر کی مکمل تباہی، بلکہ پورے امن عالم کے لیے ایک سنگین خطرہ بنی ہوئی ہے۔

حریت رہنما نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی طرف سے جموں کشمیر میں سی آر پی ایف کو مبینہ طور پر جنگی اسلحہ سے لیس ہیلی کاپٹر مہیا کرنے اور پولیس ٹاسک فورس کے لیے مزید بکتربند گاڑیوں اور وافر مقدار میں مہلک ہتھیاروں کے ذخائر فراہم کرنے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے اور ان کے بنیادی حقوق پر شب خون مارنے کے لیے زمینی سطح پر اپنی فوجی قوت کو بڑھانے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔