بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / شریف خاندان اسحاق ڈار کے چاروں ریفرنسز واپس

شریف خاندان اسحاق ڈار کے چاروں ریفرنسز واپس

اسلام آباد۔احتساب عدالت کے رجسٹرار نے شریف فیملی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف دو ریفرنسز پر اعتراض لگا کر واپس نیب کو بھجوا دیئے جبکہ دو ریفرنسز پہلے ہی نیب کو واپس بھجوائے جا چکے ہیں۔ اسی طرح احتساب عدالت کے رجسٹرار نیب کی جانب سے دائر شدہ چاروں ریفرنسز کو اعتراضات لگا کر واپس نیب کو بھجوا چکے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب ریفرنسز میں سنگین غلطیاں سامنے آئی ہیں اور بہت سی دستاویزات غائب ہیں۔ منگل کے روز احتساب عدالت کے رجسٹرار نے شریف خاندان کے خلاف عزیزیہ مل ریفرنس اور اساق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس نیب حکام کو واپس کر دیئے ہیں۔

نیب حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریفرنسز میں انڈیکس سیریل نمبر، نمبرنگ اور جو اضافی دستاویزات لگی ہیں ان تمام غلطیوں کو دور کر کے 14 ستمبر سے قبل احتساب عدالت میں جمع کروایا جائے تاکہ 14 ستمبر کے بعد ان مقدمات کا باقاعدہ ٹرائل شروع کیا جا سکے۔ آٹھ ہزار صفحات پر مشتمل چاروں ریفرنسز میں سکروٹنی کے بعد بہت سی غلطیاں سامنے آئی ہیں۔ واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کیے، شریف خاندان کے خلاف ریفرنس لندن پراپرٹیز اور آف شور کمپنیوں سے متعلق ہے جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا ہے۔ریفرنسز کی نگرانی کے لیے سپریم کورٹ کے ایک معزز جج کو نگران بھی مقرر کیا گیا ہے۔