بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پختونخوا حکومت کی توجہ لڑکیوں کی تعلیم پر مرکوز

پختونخوا حکومت کی توجہ لڑکیوں کی تعلیم پر مرکوز


پشاور۔خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور نئی تعلیمی پالیسی میں لڑکیوں کے سکولوں کی شرح دوگنا کرکے 70فیصد کر دی ہے جبکہ صوبے میں ملک کی تاریخ کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج قائم کرکے اس میں کلاسوں کا بھی باقاعدہ اجراء کردیا گیا ہے جو حکومت خیبر پختونخوا کا لڑکیوں کی تعلیم میں بھرپور دلچسپی کا مظہر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزپشاور میں پشاور پبلک سکول گرلز ونگ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں بورڈ کے ارکان کے علاوہ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش ،سکول کے پرنسپل اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں پشاور پبلک سکول گرلز ونگ کی مزید بہتری کے لئے کئی تجاویز اور سفارشات زیر غور آئیں اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

وزیر تعلیم نے تمام ماڈل سکولز اور کالجز کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ کفایت شعاری کو اپنائیں اورغیر ضروری اخراجات سے گریز کریں تاکہ سکولوں اور کالجز کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور والدین پر بھی اضافی بوجھ نہ پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اصلاحات کے نتیجے میں والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بحال ہواہے اوراب تک نجی تعلیمی اداروں کے ڈیڑھ لاکھ سے زائدبچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرایا گیاہے جو انتہائی حوصلہ افزاء امر ہے ۔

ان کا مزیدکہنا تھاکہ ترقیافتہ خیبر پختونخوا کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور سرکاری سکولوں میں حقیقی تبدیلی لانی ہو گی کیونکہ ان سکولوں میں 40لاکھ سے زیادہ غریب اور متوسط طبقے کے بچے پڑھتے ہیں۔