بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عوام کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول انتہائی آسان

عوام کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول انتہائی آسان

پشاور۔ایس ایس پی ٹریفک پشاور یاسر آفریدی نے کہاہے کہ عوام کو ٹریفک اور ڈرائیونگ لائسنس کی مد میں سہولیات دینے کیلئے موبائل ڈرائیونگ لائسنس یونٹ کے ذریعے موقع پر ہی لرنر ایشو کرنے کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے اور مذکورہ موبائل یونٹ کو پشاور کے تمام بازاروں ،یونین کونسلوں،تعلیمی اداروں،میڈیا دفاتر میں بھی بھیجا جائے گا تاکہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے کسی کو بھی مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے صدر روڈپر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس پی ہیڈکوارٹر ریاض احمد ،ایس پی سٹی شاہجہان سمیت ٹریفک پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے ایس ایس پی ٹریفک پشاور یاسر آفریدی نے کہاکہ آئی جی پی خیبرپختونخواء صلاح الدین نے واضح طورپر کہاہے کہ عوام کو ڈرائیونگ لائسنس کی مدمیں تمام تر سہولیات فراہم کی جائے اور اسی لئے ابتدائی مرحلے میں موبائل یونٹ کو پشاور کے تمام بازاروں ،یونین کونسلوں میں بھیجاجائے گا تاکہ عوام کومشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے انہوں نے کہاکہ مذکورہ موبائل میں خواتین بھی اپنا لائسنس بنانے کے لئے آسکتی ہے اور ان کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر صدر بازار کے صدور مجیب الرحمان اور دیگر تاجر راہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ موبائل یونٹ کے ذریعے ان کو ڈرائیونگ لائسنس حصول میں اب کسی مشکل کا سامنانہیں کرنا پڑے گا کیونکہ دن کے وقت اپنی دکانوں پر موجود ہونے کے باعث وہ ٹریفک ہیڈکوارٹر نہیں جاسکتے ہیں اس لئے ہم ایس ایس پی ٹریفک پشاور کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔