بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ویمن یونیورسٹی صوابی کے تعمیراتی کام کیلئے گرانٹ منظور

ویمن یونیورسٹی صوابی کے تعمیراتی کام کیلئے گرانٹ منظور


صوابی ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے دو ارب روپے کی لاگت سے و ومن یونیورسٹی صوابی کے فیز ٹو پر کام کی منظوری دیتے ہوئے اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے یونیورسٹی کو جانے والی رابطہ سڑک کو سولہ فٹ سے چوڑا کرکے چوبیس فٹ کشادہ بنانے ، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ذریعے اس شاہراہ کی دو رویہ تعمیر اور اسے یونیورسٹی روڈ سے موسوم کرنے کی منظوری بھی دی اسی طرح یونیورسٹی کے توسیعی منصوبے میں محکمہ سماجی بہبود کے قائم کردہ بلائنڈ ٹریننگ سنٹر اور ویلفیر ہوم کی بلڈنگ اور آٹھ کنال اراضی کو شامل کرنے کی بجائے اسے نابینا اور خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے زیادہ با سہولت بنانے کا فیصلہ بھی کیا۔

وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اس ضمن میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی، یونیورسٹی کی وائس چانسلر خانزادی فاطمہ، سیکرٹری سماجی بہبود فرخ سیراور دیگر حکام نے بھی بطور خاص شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے وومن یونیورسٹی کے اس اہم مرحلے میں طالبات کی تفریح اور فلاح و بہبود سے لے کر اعلیٰ تعلیم کے تمام شعبوں میں تعلیم و تربیت تک تمام سہولیات اور شعبہ جات کے قیام اور معیاری تعمیر کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس ضمن میں ہمیں عالمی تعلیمی معیار کو پیش نظر رکھ کر اقدامات کرنے ہوں گے انہوں نے کہا کہ وہ اگلے چند روز میں اس یونیورسٹی کا بذات خود دورہ کریں گے ۔

فیز ٹو کے باضابطہ افتتاح کے علاوہ دیگر جاری مراحل کا بھی جائزہ لیں گے کیونکہ آج کے دور میں خواتین کی جدید اور اعلیٰ معیار کے مطابق تعلیم مردوں سے زیادہ اہمیت کی حامل بن چکی ہے کیونکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باشعور خاتون ماں، بہن اور بیٹی کی حیثیت سے زیادہ صحتمند اور باشعور افراد اور قوم کو جنم دے سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی کے تعلیمی اور توسیعی شعبوں میں گہری دلچسپی لینے پر وائس چانسلر اور سپیکر صوبائی اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا۔