بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ورکنگ باؤنڈری پربھارتی فائرنگ سے 6 پاکستانی شہری شہید، 26 زخمی

ورکنگ باؤنڈری پربھارتی فائرنگ سے 6 پاکستانی شہری شہید، 26 زخمی

 راولپنڈی: ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی سے 4 خواتین سمیت 6 پاکستانی شہری شہید جب کہ 26 زخمی ہوگئے ہیں۔

15خواتین اور پانچ بچوں سمیت26  شہری زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر: فوٹو: فائل

پاک فوج  کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے مستقل سیزفائرکی خلاف ورزیاں جاری ہیں اوربھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری پر چارواہ اورہرپال سیکٹرمیں شہری آبادی کونشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی اشتعال انگیزفائرنگ سے 4 خواتین سمیت 6 شہری شہید جب کہ 15 خواتین اور پانچ بچوں سمیت  26 شہری زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں گاؤں کنڈن پورکا اشرف ولد مسعود، گاؤں بھینی سلیریاں کی مریم دختر اشفاق اورگاؤں گندیال کی شازیہ زوجہ احمد جب کہ چارواہ کے وسیم ولد انور، شکیلہ زوجہ ندیم اور نفیسہ دختر محمود بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آرکے مطابق پنجاب رینجرز کی جانب سے بھارتی فوج کی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا اور جوابی کارروائی میں بھارت چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 4 پاکستانی شہری شہید ہو گئے تھے۔