بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / محرم الحرام: کئی شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

محرم الحرام: کئی شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد، کوئٹہ اور ہنگو سمیت کئی شہروں میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے موٹرسائیل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

 وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بھی 6 محرم الحرام سے یوم عاشور تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت کسی بھی قسم کے اجتماع اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی۔

دفعہ 144 کےتحت دارلحکومت میں کھلونا نما اسلحے پر پابندی کا اطلاق 2 ماہ تک رہے گا جب کہ ڈرونز کو ماتمی جلوس اور مجالس کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے ڈرون کیمرے کے استعمال پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے بھی 9 اور 10محرم کو لاہور میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تلاشی کے بغیر سامان ماتمی جلوسوں کے اندر نہیں لے جایا جاسکتا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے مجالس اور جلوسوں کو طے شدہ اوقات پر ختم کرنے کی پابندی کی بھی ہدایات کی ہیں۔

بلوچستان کی صوبائی حکومت نے  کوئٹہ میں بھی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آج یعنی یکم محرم الحرام سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا اطلاق 10محرم تک رہے گا۔

اسی طرح خیبر پختون خوا حکومت نے ضلع ہنگو میں یکم محرم سے 13 محرم الحرام تک موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی عائد لگادی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق خلاف ورزی کرنیوالوں کو گرفتار کرکے ان کی موٹرسائیکل ضبط کی جائےگی۔