بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / خواتین بارے متنازعہ بیان ٗسعودی عالم کی امامت پر پابندی

خواتین بارے متنازعہ بیان ٗسعودی عالم کی امامت پر پابندی

ابھا۔ سعوی عرب کے علاقے عسیر کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن عبدالعزیز آل سعود نے علاقائی افتاء کونسل کے رکن الشیخ سعد الحجری کو خواتین کے بارے میں ایک متنازع بیان دینے کے بعد امامت، خطابت اور تمام دیگر دعوتی سرگرمیوں سے روک دیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عسیر کے علاقے کے سرکردہ عالم دین الشیخ الحجری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ خواتین کے پاس مردوں کی نسبت ’ایک چوتھائی عقل’ ہوتی ہے۔

ان کے اس بیان پر عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔عسیر گورنری کے شعبہ اطلاعات و نشریات کے جنرل سپروائزر اور سرکاری ترجمان سعد بن عبداللہ آل ثابت نے ایک پریس بیان میں بتایا کہ شہزادہ فیصل بن خالد نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ الشیخ سعد الحجری کو مساجد میں امامت، خطابت اور دیگر تمام دعوتی ودینی سرگرمیوں سے روک دیں۔

یہ ہدایت ان کے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے خواتین بارے ایک متنازع بیان کے بعد سامنے آئی ہے۔الشیخ سعد الحجری نے خواتین کی ڈرائیونگ کے نقصان پر ایک طویل لیکچر دیا جس میں انہوں نے خواتین کی گاڑی چلانے کے بیس نقصانات بیان کئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے پاس ایک چوتھائی عقل ہوتی ہے۔ ان کے اس متنازع بیان پر سوشل میڈیا پر تند وتیز بحث چھڑ گئی تھی اوربہت سے لوگوں نے ان کے خواتین بارے ریمارکس کو نا مناسب قرار دیا ہے۔