بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / حج اور عمرہ کو منظم کرنے کیلئے بل تیار

حج اور عمرہ کو منظم کرنے کیلئے بل تیار

اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج اور عمرہ کو منظم کرنے کیلئے بل تیار کر لیا ،عنقریب قومی اسمبلی میں پیش کریں گے ،سابقہ ادوار میں حاجیوں کو لوٹا گیا ،مقدس عبادت کے نام پر کرپشن اور لوٹ مارکی گئی ،بد قسمتی سے آج تک حج و عمرہ کے حوالے سے کوئی قانون سازی نہیں کی گئی ، ہمارے حج انتظامات کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، اس سال پاکستان حج کے بہترین انتظامات کرنے والے ممالک کی صف اول میں شامل ہو چکا ہے،حجاج کرام اور معتمرین کے لئے مزیدسہولیات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،امسال حج اخراجات میں 20 سے 25 فیصد کمی ہوئی ،آئندہ سال سرکاری سکیم کے تحت حج مزید سستا کریں گے ،علمائے کرام ،صحافیوں اور عوام کی تجاویز کی روشنی میں حج پالیسی مرتب کریں گے ،سعودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ہماری آبادی کے تناسب سے حج کوٹے میں اضافہ کیا جائے۔

وہ گزشتہ روز جامع مسجد ابو زر غفاری جی ایٹ میں مولانا عبدالسلام جلالی کی میزبانی میں علمائے کرام اور مقامی افراد کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاق المدارس کے ترجمان مولانا عبدالقدوس محمدی ،معروف صحافی حافظ طاہر خلیل ،مولانا عبدالکریم ،مولانا عبدالحمید صابری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج و عمرہ کو مزید آسان اور سستا کرنے کیلئے ایئر لائنز کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں ،ہماری کوشش ہے کہ حج اور عمرہ کے حوالے سے ایسی قانون سازی کی جائے تا کہ عوام کی مشکلات کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے ،انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ زائرین کو امیگریشن سمیت کسی بھی مرحلے پرطویل انتظار کی کوفت سے نہ گزرنا پڑے ،انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر مرحلے پر ہماری حکومت کی رہنمائی کی ،ہماری کوشش ہے کہ حج کے دوران ہر گروپ کے ساتھ مستند علمائے کرام کو بھی بھیجا جائے جو حاجیوں کی مکمل اور درست رہنمائی کر سکیں۔سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے جب سے زمام اقتدار سنبھالی اور مجھے یہ اہم ذمہ داری سونپی ہم نے کوشش کی کہ اس ملک کے رہنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

،بطور خاص حاجیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ،ہماری ان کاوشوں کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے ،اس سال پاکستان حج کے بہترین انتظامات کرنے والے ممالک کی صف اول میں شامل ہو چکا ہے ،اس موقع پر قاری محبوب الرحمن ،سول جج اسلام آباد نوید خان ،مولانا فاروق جلالی ،مولانا عبدالر?ف محمدی ،وجیہہ صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔