بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 34ہو گئی

ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 34ہو گئی

پشاور۔ڈینگی نے پشاور کے علاقے تہکال غریب آبادکے ایک اور نوجوان کی جان لے لی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 34تک پہنچ گئی تہکال غریب آباد کے رہائشی 14سالہ مزمل ولد جان شیر کو 20ستمبر کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مریض کے خون میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی تاہم وہ گزشتہ روز جاں بحق ہوگیا مذکورہ ہلاکت کے بعد صوبے بھر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 34ہو گئی ہے جبکہ اب تک ہزاروں افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں ۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 12ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور کے 178افراد سمیت مزید 195میں وائرس کی تصدیق کی گئی ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں 1149افراد کے خون کی سکریننگ کی گئی جن میں 195کے خون میں وائرس پایا گیا رپورٹ کے مطابق پشاور کے 178ٗ ایبٹ آباد کے 2ٗ مانسہرہ کے ایک ٗ مردان کے 13اور صوبائی کے ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

پشاور کے علاقے قائد آباد کے رہائشی نے 2ڈینگی مچھرو ں کو زندہ اور 6کو مردہ حالت میں پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے ٗ زندہ مچھروں کو بوتل میں بند کرکے علاقے کے ناظم کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ گھر میں سپرے بھی کر دیا گیا ہے قائد آباد کے رہائشی اللہ داد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ روزاپنے گھر سے 2ڈینگی مچھروں کو زندہ حالت میں پکڑ ا اور بوتل میں بند کرکے علاقے کے ناظم کے حوالے کر دیا جب گھر میں سپرے کیا گیا تو مزید 6ڈینگی مچھر مردہ حالت میں پائے گئے ۔