بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جانتا ہوں میراجرم کیاہے‘نواز شریف

جانتا ہوں میراجرم کیاہے‘نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر اپنی نااہلی کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ماضی میں بھی حالات کی سنگینی کا سامنا کیا ہے اور اب بھی کر رہا ہوں، میں جانتا ہوں کہ میرا اصل جرم کیا ہے، لیکن میں عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

وفاقی دارالحکومت میں واقع پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اپنی اہلیہ کی بیماری پر ہنگامی طور پر لندن جانا پرا، ان کی بیماری کی نوعیت اور علاج کے مرحلوں کی تفصیل آپ کے سامنے آچکی ہے، میں دعاؤں پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے قریبی رفقاء اچھی طرح جانتے تھے کہ میری جلد از جلد واپسی، لندن روانگی کے ساتھ ہی طے ہوگئی تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‘میں نے وکلاء کنونشن میں (پاناما کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے) 12 سوالات اٹھائے تھے، ایک ماہ گزر گیا، کسی ایک بھی سوال کا جواب نہیں آیا’.

ساتھ ہی انہوں نے کہا، ‘جواب آ بھی نہیں سکتا کیونکہ 70 سالہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا کیس ہے کہ جس میں ثبوتوں کا تمام بوجھ مدعی کے بجائے دفاع کرنے والے پر ڈال کر اس کے تمام آئینی و قانونی حقوق سلب کرلیے گئے’۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 25 اگست کو نواز شریف نے لاہور میں ایوان اقبال میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چند سوالات کے جوابات مانگے تھے۔

نواز شریف نے کہا کہ ‘عوام اور تاریخ کی عدالتوں میں اپیلیں لگتی رہتی ہیں، میری پہلی اپیل پر پہلا فیصلہ جی ٹی روڈ پر نکلنے والی ریلی نے سنایا اور پھر میری اپیل پر فیصلہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 (لاہور) میں سنایا گیا، ایک دو ٹوک اور واضح عوامی فیصلہ!’

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا، ‘یہ فیصلے آتے رہیں گے اور ایک بڑا فیصلہ انشاء اللہ 2018 میں آئے گا’۔