بریکنگ نیوز
Home / شوبز / سلمان خان بھارتی ٹی وی کے سب سے زیادہ مہنگے میزبان بن گئے

سلمان خان بھارتی ٹی وی کے سب سے زیادہ مہنگے میزبان بن گئے

ممبئی: بالی وڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان فلموں میں کروڑوں کی کمائی کے بعد چھوٹی اسکرین کے بھی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے میزبان بن گئے ہیں۔

سلمان خان کا شمار فلم نگری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے اور سلو میاں ان چند اداکاروں میں شامل ہیں جو کہ فلموں کے منافع سے معاوضہ بھی وصول کرتے ہیں۔

سلمان دوسرے اداکار ہیں جوے حال ہی میں فلم ’’ریس 3‘‘ میں کام کرنے کا معاوضہ منافع میں سے 70 فیصد وصول کریں گے جب کہ اسی قسم کا معاہدہ عامر خان نے پہلے ہی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے لیے یش راج فلمز سے کیا ہے۔

دبنگ خان سلور اسکرین کے ساتھ ساتھ چھوٹی اسکرین پر بھی نظر آتے ہیں اور اب مشہور رئیلٹی شو’’بگ باس‘‘ کے 11 ویں سیزن کی میزبانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان ’’بگ باس‘‘ سیزن 11 کے لیے ایک قسط کا معاوضہ 11 کروڑ وصول کریں گے اور شو کی ہفتے میں 2 اور ایک ماہ میں 8 قسطیں نشر کی جاتی ہیں۔

سلو میاں کا شو بگ باس 3 ماہ تک آن ایئر ہوتا ہے اور اس طرح وہ رواں سیزن میں مجموعی طور پر 264 کروڑ کی کمائی کریں گے جس کے ساتھ ہی وہ چھوٹی اسکرین پر سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے میزبان بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان اور اکشے کمار بھی ٹی وی شوز میں کام کررہے ہیں لیکن ان کا معاوضہ سلو میاں سے کم ہی ہے۔