بریکنگ نیوز
Home / کھیل / انگلش کرکٹر بین اسٹوک گرفتاری کے بعد ٹیم سے باہر

انگلش کرکٹر بین اسٹوک گرفتاری کے بعد ٹیم سے باہر

انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوک کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ کے بعد برسٹل میں پیش آنے والے ایک واقعے کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بین اسٹوک کو تیسرے ایک روزہ میچ کے بعد جھگڑا کرنے پر پولیس نے گرفتار کیا اور رات حوالات میں گزارنے کے بعد انہیں بغیر کسی الزام کے چھوڑ دیا گیا۔

بین اسٹوک کے ساتھی کھلاڑی ایلکس ہیلز بھی واقعے میں ملوث تھے اور دونوں کھلاڑی اب ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری دونوں میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

دونوں کھلاڑیوں میں سے کسی نے اوول میں بھی چوتھے ایک روزہ میچ سے قبل پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔

مذکورہ واقعہ اتوار کو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے میچ کے بعد پیش آیا لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انگلینڈ کے نائب کپتان بین اسٹوک کو  برے رویے کے باعث ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

2012 میں بھی انہیں دیر تک باہر رہنے پر گرفتار کیا گیا اور پولیس کی جانب سے وارننگ بھی ملی جب کہ 2013 میں دیر تک شراب نوشی کی وجہ سے انہیں انگلینڈ لائنز کے دورے سے واپس گھر بھیج دیا گیا۔

2014 بین اسٹوک نے غصے میں تالے پر مکا مار کر اپنا ہاتھ بھی توڑ دیا تھا جس کی وجہ سے وہ ورلڈ ٹی 20 سے دستبردار ہو گئے تھے۔